بارہمولہ// ضلع بارہمولہ کے فتح گڑھ علاقے کا ایم سی اے کا طالب علم جو دس روز قبل سرینگر میں پراسرار حالات میں لاپتہ ہوگیا تھا، گھر لوٹ آیا ہے ۔ اہل خانہ کے مطابق لاپتہ طالب علم نے فون پر اُن سے رابطہ کیا کہ وہ سری نگر میں ہے اور وہ گھر واپس آنا چاہتا ہے ،جس کے بعد کنبہ کے افراد سری نگر پہنچ گئے اور اُسے واپس لے آئے۔ انہوں نے کہا ،’’ہم نے اُسے جمعرات شام کو واپس لاکر پولیس کے حوالے کردیا ہے۔‘‘ یاد رہے کہ اہل خانہ نے مذکورہ طالب علم کے لاپتہ کے بعد ایک ویڈیو پیغام میں اپنے بیٹے کو گھر واپس آنے کی اپیل کی تھی اور انہوں نے پولیس تھانہ شیری میں گمشدگی کی رپورٹ بھی درج کروائی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہم بہت خوش ہیںکہ ہمارا بیٹا سلامت ہے اور گھر واپس آیا ہے، جس کیلئے ہم میڈیا اور پولیس کے بے حد مشکور ہیں۔ اس سلسلے میں ایک پولیس آفیسر نے تصدیق کی کہ لاپتہ طالب علم واپس آگیا ہے اور پولیس اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔