عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //پی ڈی پی نے جمعہ کو بڈگام اسمبلی ضمنی انتخاب میں کامیابی حاصل کرنے کو پارٹی کی محنت کا نتیجہ قرار دیا۔محبوبہ مفتی نے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ بڈگام کے باشعور ووٹروں نے تبدیلی، شفافیت اور بہتر سیاست کے حق میں فیصلہ دے کر نئی تاریخ رقم کی ہے ۔ محبوبہ مفتی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ردعمل میں لکھا’’یہ جیت نہ صرف پی ڈی پی کے لیے تقویت کا باعث ہے بلکہ کشمیر کی سیاست میں ایک نئے موڑ کی نشاندہی کرتی ہے ، جہاں عوام نے روایتی خطوط سے ہٹ کر اپنی رائے دی ہے ۔ ان کے مطابق بڈگام کے ووٹروں نے ثابت کر دیا کہ وہ گورننس، جوابدہی اور عوامی خدمت کے حوالے سے سنجیدہ قیادت چاہتے ہیں‘‘۔محبوبہ مفتی نے اپنے پیغام میں آغا منتظر کو بھی مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ بڈگام کے عوام نے انہیں ایک بڑی ذمہ داری سونپی ہے ، اور وہ امید کرتی ہیں کہ وہ عوامی امنگوں کے مطابق کام کریں گے ۔