جموں//چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے یہاں سول سیکرٹریٹ میں فارسٹ کلیرنس کے لئے آن لائن پورٹل کا آغاز کیا۔ اس سہولیت سے متعلقہ محکمہ اب اپنے منصوبے محکمہ جنگلات کی کلیرنس کیلئے آن لائن داخل کرسکتے ہیں اور انہیں منصوبوں کی پیش رفت کے بارے میں آن لائن ہی جانکاری مہیا ہوگی۔محکمہ جنگلات کی کاوشوں کی ستائش کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہاکہ آنے والے وقت میں اسی عمل کو مکمل طور سے بروئے کار لایا جانا چاہیئے ۔اُنہوںنے کہاکہ اس نظام سے محکمہ کے کام کاج میں جواب دہی اور شفافیت کو فروغ حاصل ہوگا۔ویب پورٹل پر جموں وکشمیر محکمہ جنگلات کی ویب کے ذریعے لاگ اِن کیا جاسکتا ہے ۔ استعمال کرنے والے ایجنسیوں کویوزر نیم اور پاس وارڈ دیا جائے گاتا کہ وہ یکم مارچ 2019 ء سے آن لائن منصوبے داخل کراسکیں۔کمشنر سیکرٹری جنگلات منوج کماردویدی نے اس نظام کے مختلف پہلوئوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ پرنسپل سیکرٹری صنعت و حرفت نوین چودھری ،کمشنر سیکرٹری جنگلات منوج کمار دویدی، چیئرمین پولیوشن کنٹرول بورڈ روی کیسر ، پی سی سی ایف فارسٹس سُریش چُگ اور کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔