فارسٹ رائٹس ایکٹ کے تحت اراضی کی نشاندہی

گول//ضلع رام بن کی سب ڈویژن گول میں محکمہ جنگلات کی اراضی کی نشاندہی کی جا رہی ہے جس پر مقامی لوگوں کی جانب سے اعتراض بھی کیا جا رہا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ محکمہ جنگلات کی کی جانب سے اراضی کی جاری نشاندہی سرے سے غلط ہے۔ اسی ضمن میں پیر کو  گول کی پرتمولہ پنچایت کے اک وفد نے ایس ڈی ایم گول سے ملاقات کی۔ اسی دوران انہوں نے محکمہ جنگلات پرالزام لگاتے ہوئے کہا، ’’  محکمہ جنگلات کے ملازمین بغیر کسی تحریری ثبوت کے ملکیتی اراضی پر قبضہ کر رہے ہیں‘‘۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ عوام کو محکمہ جنگلات پربھروسہ نہیں ہے ، محکمہ اپنی مرضی کے مطابق اراضی پر قبضہ کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ محکمہ کی جانب سے کی جا رہی نشاندہی سے علاقہ کی عوام مطمئن نہیں ہے۔ لوگوں نے مطالبہ کیا کہ محکمہ مال کی موجودگی میں جنگلاتی اراضی کی نشاندہی کی جائے۔ اس سلسلے میں ایس ڈی ایم گول نے انہیں یقین دلایا کہ کسی بھی قسم کی لاپرواہی نہیں ہوگی،عوام کو اعتماد میں لے کر ہی جنگلاتی اراضی کا تعئن کیا جائے گا۔