سرینگر// وادی میں ماہ رمضان کے دوران یک طرفہ جنگ بندی سے بہتر ماحول پیدا ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا کہ جنگجوؤں کے خلاف آپریشنز کی معطلی کے نتیجے میں کشمیری نوجوان چین کی سانس لے رہے ہیں، انہوں نے جنگ بندی میں توسیع کرنے کی وکالت کی۔سرینگر کے انڈور سٹیڈیم میں منعقدہ ’جموں وکشمیر سپورٹس کنکلیو 2018‘ سے خطاب کرتیوزیر اعلیٰ نے کہا کہ عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشنز کی معطلی سے وادی میں ایک اچھا ماحول پیدا ہوا ہے جس میں کشمیری بچے اور نوجوان بغیر کسی ڈر و خوف کے گلی کوچوں اور میدانوں میں کھیل رہے ہیں۔رمضان فائر بندی میں توسیع کرنے کی وکالت کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے وزیر داخلہ سے مخاطب ہوکر کہا ’سب سے بڑا مسئلہ ماحول ہے، جب سے آپ نے آپریشنز کو معطل کرنے کا اعلان کیا ہے، تب سے ہمارے بچے چین کی سانس لے رہے ہیں، یہ لوگ گلی کوچوں میں کھیلتے ہیں،باہر آکر باغوں میں کھیلتے ہیں، ایک اچھا ماحول پیدا ہوگیا ہے‘‘۔ ان کا کہنا تھا’’آپ نے یہاں آپریشنز کو بند کرنے رکھنے کا اعلان کیا ہے، اس میں توسیع کی ضرورت ہے۔ تاکہ ہمارے بچے اچھے ماحول میںجی سکیں‘‘۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ جموں وکشمیر کے نوجوان ملک میں ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں اپنا لوہا منوا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا ’یہ (نوجوان) ہمارا خزانہ ہیں، یہی سب کچھ ہیں، یہ ہمارے بچے ہمارا مستقبل، آپ کے سامنے ہیں۔ یہ اتنے قابل اور ذہین ہیں، جس میدان میں بھی جاتے ہیں، کامیابی حاصل کرتے ہیں۔ لیکن ان کو مواقع اور ماحول دینا ہمارا کام ہے۔محبوبہ مفتی نے کہا’’ہوم منسٹر صاحب ہمیں انہیں وہ ماحول دینا ہے، ان کو وہ مواقع دینے ہیں جس میں وہ اپنے ٹیلنٹ کو دکھا سکیں‘‘۔ انہوں نے کہا ’میری یہی گذارش ہے کہ یہ بچے جینا چاہتے ہیں، کھیلنا چاہتے ہیں، ہنسنا چاہتے ہیں، انہیں ملک کی دیگر ریاستوں کے بچوں کی طرح مواقع دیے جائیں۔انہوں نے وزیر داخلہ سے کہا’’ آپ نے پہلے ہی پیش رفت (آپریشنز کو معطل) کی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ یہ گولہ باری، بندوقوں کا چلنا اور پتھر بازی بند ہو، ایسا ہوا تو ہمارے بچے آسمان کے تاروں کو چھو سکیں گے‘۔ اسٹیٹ اسپورٹس کونسل کی طرف سے منعقد کئے جانے والے اس کنکلیو میں ریاست میں گذشتہ چند برسوں کے دوران مختلف کھیلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو ایوارڈس سے نوازا گیا۔ اس موقع پروزیر اعظم دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ، ریاستی وزیر خزانہ سید محمد الطاف بخاری اور سٹیٹ سپورٹس کونسل کے سکریٹری وحیدالرحمان پرہ بھی موجود تھے۔
راجناتھ سنگھ گورنر اور وزیر اعلیٰ سے ملاقی
سرینگر//مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے راج بھون میں گورنر این این ووہرا کے ساتھ ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران انہوں نے ریاست کی سلامتی صورتحال ، عوامی خدمات میں بہتری لانے اور ریاست کی مستقبل کی ترقیاتی ضروریات سے متعلق معاملات پر غور و خوض کیا ۔ گورنر نے وزیر داخلہ کو اندرونی اور بیرونی سیکورٹی صورتحال بشمول بین الاقوامی سرحد اور ایل او سی ، سیز فائیر ایگریمنٹ کی خلاف ورزی اور ماہِ صیام کے مقدس مہینے کے دوران حکومت ہند کی طرف سے اعلان کئے گئے سیکورٹی فورسز کی جانب سے اوپریشنوں کو روکنے کے نتیجے میں پیدا شدہ اثرات کے بارے میں آگاہی دلائی ۔ انہوں نے وزیر داخلہ کو 28 جون سے شروع ہونے والی شری امر ناتھ جی یاترا کے سلسلے میں کئے جا رہے انتظامات کے بارے میں بھی بریف کیا ۔ راج ناتھ سنگھ نے وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی سے بھی ملاقات کی ۔میٹنگ کے دوران ریاست کی کلہم سیکورٹی صورتحال بالخصوص مرکزی حکومت کی طرف سے ماہِ رمضان کے مقدس مہینے کے دوران اوپریشنوں کوروکنے کے بعد موجودہ صورتحال کے بارے میں سیر حاصل ہوئی ۔میٹنگ کے دوران وزیر اعظم کے ترقیاتی منصوبے کے تحت مقررہ وقت کے اندر پروجیکٹوں کی تکمیل کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔