سرینگر// جموں کشمیرہائی کورٹ نے بیرون ریاستوں سے خریدی گئی گاڑیوں کی سر نو رجسٹریشن کیس میں سرکار کے خلاف توہین عدالت نوٹس جاری کیا ہے۔ چیف جسٹس کی سربراہی والے عدالت عالیہ کے ڈویژن بینچ کے حکم نامے کے برعکس بیرون ریاستوں سے خریدی گئی گاڑیوں کی سر نو رجسٹریشن کرنے کے کمشنر سیکریٹری محکمہ ٹرانسپورٹ نے احکامات جاری کئے تھے۔ ظہور احمد بٹ،بمقابلہ ہردیش کمار و غیرہ نامی گاڑیوں کی سر نو رجسٹریشن فیصلے سے متعلق توہین عدالت عرضی کی سماعت کے دوران ہائی کورٹ کے ڈویژن بینچ نے نوٹس جاری کی جو سرکار کی جانب سے ایڈوکیٹ جنرل نے حاصل کی۔ اس کیس کی آئندہ سماعت12جولائی کو مقرر کی گئی ہے۔ اس سے قبل ہائی کورٹ کے جسٹس ماگرے اور جسٹس کول پر مشتمل ڈویژن بینچ نے ریجنل ٹرانسپورٹ آفسر کشمیر کی جانب سے جاری کردہ اس سرکیولر کو 29اپریل کوکالعدم قرار دیا تھا،جس میں غیر جموں کشمیر رجسٹریشن نمبرات کی گاڑیوں کی سر نو رجسٹریشن کرانا لازمی قرار دیا گیا تھا۔
کووڈلہر میں نرمی کے بعد عدالتوں میں کام کاج بحال
نیوز ڈیسک
سرینگر//کووڈ کی دوسری لہر میں نرمی کے بعدجموں و کشمیر کی تمام عدالتوں میں پیر کو کام کاج بحال ہو گیا۔ اپریل میںکورونا وائرس کے پیش نظر مرکز کے زیر انتظام خطے میں پیدا شدہ صورت حال اور احتیاطی تدابیر کی وجہ سے تمام عدا لتوں کو آن لائن موڈ سے کام کر نے کی ہدایت دی گئی تھی۔ کووڈ کیسز میں نرمی کے پیش نظرپیر کو عدالت عالیہ سمیت تمام عدالتیںجسمانی سماعت کیلئے کھو لی گئیں۔ صبح ساڑھے نو بجے سے ہی عدالت میں وکلاء اور دیگر افراد کے داخل ہونے کا سلسلہ شروع ہوا جبکہ انتظامیہ نے عدالت کے گیٹ کے باہر حفاظتی اہلکاروں کو بھی تعینات کردیا تھا۔اس دوران ہر داخل ہونے والے کی کورونا وائرس رپورٹ دیکھی گئی جبکہ انہی وکلاء یا دیگر لوگوں کو عدالت میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی جنہوں نے کورونا ویکسین لی ہے۔انتظامیہ نے پہلے ہی ہدایت دی تھی کہ صرف وہی وکلاء عدالت میں حاضر ہوں گے ،جنہیں کسی معاملے پر ہو رہی سماعت میں پیش ہونا ہو، دیگر افراد اور وکلاء عدالت میں آنے سے پرہیز کریں۔