سرینگر//وادی کشمیر کے مختلف ضلع مقامات اور قصبہ جات میں ہاٹیکلچر محکمہ نے غیر معیاری جراثیم کش ادویات کاروبار کرنے والے ڈیلروں کے خلاف بڑے پیمانے پر کاروائی شروع کر رکھی ہے جبکہ ضلع انتظامیہ نے بھی الگ سرے سے اپنی کاروائی تیز کردی ہے۔ ہاٹیکلچر محکمہ نے وادی بھر میں غیر معیاری اور زائد المیعاد جراثیم کش ادویات کے خلاف بڑے پیمانے پر مہم شروع کرنے کا اعلان کیا اور اس حوالے سے ہاٹیکلچر اور ایگریکلچر محکموں کے افسران نے اس حوالے سے کئی اضلاع کا دورہ کیا اور وہاں پر مختلف سٹوروں اور دکانوں کا معائنہ کرنے کے دوران ملازمین کو ہدایت دی کہ وہ سبھی جراثیم کش ادویات فروخت کرنے والے دکانوں کا معائنہ کرکے وہاں پر غیر معیاری اور زائد المیعاد جراثیم کش ادویات فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائے۔ہاٹیکلچر محکمہ کے ایک اعلی افسر نے بتایا کہ غیر معیاری اور زائد المیعاد جراثیم کش ادویات فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانا اب ناگزیر بن گیا ہے اور محکمہ نے اس کاروبار سے جڑے افراد پر نظر گزر رکھنے کی خاطر مختلف نوعیت کے اقدامات کئے ہیں اور کسی کو بھی غیر معیاری جراثیم کش ادویات فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ادھر شوپیان میں ضلع انتظامیہ نے غیر معیاری ادویات کی روک تھام کے لئے بڑے پیمانے پر اقدامات کا اعلان کیا اور ضلع ترقیاتی کمشنر نے متعدد بار افسران کی میٹنگ طلب کرکے انہیں غیر معیاری جراثیم کش ادویات کا کاروبار کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے کے احکامات دیے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے منسلک محکموں کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ مناسب فروخت کرنے والے مراکز کے ذریعے کسانوں کو کیڑے مار ادویات کی دستیابی کو یقینی بنائیں اور انہیں یہ بھی ہدایت کی گئی کہ وہ جعلی کیڑے مار ادویات کی فروخت کو روکنے کے لیے فیلڈ اہلکاروں کو متحرک کریں اور افسران کو ہدایت دی گئی کہ وہ کسانوں میں بیداری پیدا کریں اور ان کو ان کی فصلوں کے ساتھ کیڑے مار ادویات کے بارے میں ان کے گھروں پر معلوماتی مواد تقسیم کریں۔اس دوران متعدد اضلاع میں انتظامیہ نے انفورسمنٹ ٹیموں کو بازاروں میں کیڑے مار ادویات کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے مارکیٹ کی مناسب چیکنگ اور معائنہ کرنے کی ہدایت کی ہے اور جعلی کیڑے مار ادویات فروخت کرنے کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائے اور ان کی دکانوں کو سیل کرنے کی بھی ہدایت دی۔کئی ایک باغ مالکان نے بتایا کہ اگرچہ اس سال ہاٹی کلچر اور سول انتظامیہ نے غیر معیاری جراثیم کش ادویات کی چیکنگ اور روکتھام کے لئے کارروائی شروع کی تاہم ضرورت اس بات کی ہے کہ سرکاری طور پر اس کا تسلسل رکھنا وقت کی ضرورت ہے ۔کے این ایس