عاصف بٹ
کشتواڑ //کشتواڑ ضلع میں سرسبز سونے کی لوٹ کھسوٹ جاری ہے اور جنگل مافیا نے سرسبز سونے کولوٹنے کیلئے کئی طرح کی سرگرمیاں شروع کی ہوئی ہیں تاہم دوسری جانب محکمہ جنگلات کی جانب سے کی گئی ایک کارر وائی کے دوران غیر قانونی طریقہ سے سمگل کی جانے والے97 سلیپر ضبط کئے ۔حکام نے بتایا کہ محکمہ جنگلات و فاریسٹ پروٹکیشن فورسز کو جمعرات و جمعہ کی درمیانی رات اسوقت بڑی کامیابی ہاتھ لگی جب غیرقانونی طور لکڑیوں سے بھری گاڑی کو محکمہ نے پکڑلیا اور اسکے ڈرائیور کو بھی موقع سے ہی گرفتار کرلیا ۔ذرائع کے مطابق بھنڈارکوٹ کے مقام پر فاریسٹ ناکے پر ایک گاڑی زیرنمبر -JK12A 1461 کو چیکنگ کیلئے روکا گیاتاہم چیکنگ کے دوران مذکورہ گاڑی کے ذریعہ سمگل کئے جارہے 97 کے قریب لکڑی کے سلیپر پائے گئے جو لاکھوں روپے مالیت کے بتاے جارہے ہیں ۔ذرائع نے بتایا کہ لکڑی ضلع کشتواڑ کے کیشوان علاقے سے سمگل کرکے لائی گی تھی لیکن یہ فارسٹ علاقہ ڈوڈہ میں پڑتاہے لیکن اُسے کشتواڑ سے سمگل کیا جارہاتھا۔ڈی ایف او مڑواہ نے بتایا کہ ضبط کی گی لکڑی دیودار و دیگر درختوں کی ہے۔محکمہ نے تحقیقات کا عمل شروع کردیاہے اور پتہ لگایاجارہاہے کہ اس لکڑی سے بھری گاڑی کو کہا لیجایا جارہا تھا اور اسکے پیچھے کون لوگ ہیں۔متعلقہ حکام نے بتایا کہ اس سلسلہ میں مزید کارروائی کے دوران اس پورے عمل میں لوث سبھی افراد کا سراغ لگا کر اس میں ملوث سبھی افراد کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔