نئی دہلی// پٹرول اورڈیزل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے مہنگائی کے شکار عام لوگوں کو آج ایک اورجھٹکا تب لگا جب بغیر سبسڈی والے کھانا پکانے والی گیس (ایل پی جی) کی قیمت میں 15 روپے فی سلنڈر اضافہ کیا گیا ۔ انڈین آئل کارپوریشن لمیٹڈ کی جانب سے بدھ کو جاری ریلیز کے مطابق بغیر سبسڈی والے سلنڈر کی قیمت میں 15 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے ۔ اس کی وجہ سے دہلی میں ایل پی جی گیس سلنڈر کی قیمت 884.50 روپے سے بڑھ کر 899.50 روپے فی سلنڈر ہوگئی ہے ۔ساتھ ہی 19 کلو کمرشل گیس سلنڈر کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے ۔ تاہم اس سے قبل یکم اکتوبر کو صرف 19 کلو کمرشل سلنڈر کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا۔گزشتہ ایک سال میں ایل پی جی سلنڈر 305.50 روپے مہنگا ہو چکا ہے ۔ اس سال یکم ستمبر کو 14.2 کلو غیر سبسڈی گیس سلنڈر کی قیمت میں 25 روپے کا اضافہ کیا گیاتھا۔ اس سے قبل 17 اگست کو گیس سلنڈر کی قیمت میں 25 روپے کا اضافہ کیا گیا تھا۔