سرینگر // جموں کشمیر انتظامیہ نے مزید 4سرکاری اساتذہ کو نوکری سے برخواست کردیا ہے، جبکہ ایک جونیئر انجینئر کو بھی غیر حاضر رہنے کی پاداش میں برطرف کیا گیا۔ڈائریکٹوریٹ آف سکول ایجوکیشن کشمیر کے ا حکامات کے مطابق عاشق پرویز میر ساکن کپوارہ، محمد سلیم ڈار ساکن بڈگام، شازیہ شفیق گنڈ شاٹھ کپوارہ اور فاطمہ جمیل ٹیچر پادشاہی باغ سرینگر کو ملازمتوں سے بر طرف کیا گیا ہے۔احکامات میں کہا گیا ہے کہ پرویز میر 6مئی سے 2012، محمد سلیم ڈار27مارچ 2015، شازیہ شفیق اور فاطمہ جمیل 2016سے مسلسل غیر حاضر رہے اور انہیں بار بار ڈیوٹیوں پر حاضر ہونے کے مواقع فراہم کئے گئے لیکن انہوں نے کسی بھی نوٹس کا جواب نہیں دیا۔ چنانچہ گورنمنٹ سروس رولز کی شق 113کے تحت چاروں کو نوکریوں سے فارغ کیا گیا ہے۔ادھر محکمہ تعمیرات عامہ نے وانی یار صٖفا کدل کے سرینگر کے جونیئر انجینئر شبیر احمد بٹ ولد عبدالغفار بٹ کو کئی سال تک غیر حاضر رہنے کی پاداش میںنوکری سے فارغ کردیا ہے، وہ 2008سے غیر حاضر تھا۔