غیر اعلانیہ کٹوتی و فیس میں اضافہ پرعوام میں برہمی

کشتواڑ//ضلع کشتواڑ میں مسلسل بجلی کی غیراعلانیہ کٹوتی کو لیکر سیول سوسائٹی کے ممبران نے زورداراحتجاج کیا ۔ڈاگ بنگلہ چوک سے ریلی کی شکل میں ممبران نے محکمہ بجلی کے دفتر کے باہر جمع ہوکر جم کرنعرے بازی کی۔ اس موقع پر بولتے ہوئے شاکر صدیقی نے کہا کہ غیراعلانیہ بجلی کٹوتی و کرایہ میں اضافے کو لیکر احتجاج کیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ چناب ویلی کے اندر کئی پاور پروجیکٹ ہیں جبکہ کچھ پر کام جاری ہے اورکئی ہزارمیگاواٹ بجلی بن رہی ہے لیکن باوجود اسکے بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے عوام سخت پریشان ہے۔ انہوںنے کہا کہ132کے وی لاین میں ہر روز فالٹ آتاہے جس سے کئی گھنٹوں تک بجلی گل رہتی ہے، انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ اپنی الگ لائن کو چالو کرے تاکہ بجلی کی کٹوتی میں کمی ہوسکے۔واصل ڈولوال نے بتایا کہ کشتواڑ ایشیا میں بجلی پیدا کرنے والا سب سے بڑا مرکز بن رہا ہے لیکن باجود اسکے ہمیں بجلی فراہم نہ کرکے ستایا جارہا ہے اور بلاجواز کرایہ بڑھاکر عوام کو تنگ کیا جارہا ہے۔ان کاکہناتھا کہ جہاں پہلے ہی کرونا نے بچوں کی تعلیم کو اثرانداز کیا وہیں بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی نے انکی مشکلات میں اضافہ کیا ہے،بجلی کٹوتی کا کوئی شیڈول ہی نہیں ہے ،یہ حالت قصبہ کی ہے تو دوردراز علاقہ جات کا کیا حال ہوگا۔انھوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ انہیںاپنی بجلی فراہم کرے اور عوام کو تنگ کرنا بند کرے بصورت دیگت کشتواڑ کا ہرشخص سڑکوں پر آکر احتجاج کرے گا۔نصیر احمد باغوان نے اس موقعہ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جہاں انتظامیہ چوبیس گھنٹے بجلی و تعمیرو ترقی کے دعوے کررہی ہے لیکن زمینی حقائق بالکل مختلف ہیں، بجلی پیدا کرنے والا علاقہ جب بجلی سے محروم ہے تو ان علاقہ جات کا کیا حال ہوگا جہاں بجلی پیدا ہی نہیں ہوتی۔انہوںنے کہا کہ ا یک گھنٹہ بجلی آتی ہے اور کئی گھنٹوں تک غائب ہوجاتی ہے ،اگرچہ پروجیکٹ تعمیر کرنے کے دعوے کئے جارہے ہیں تو آخر کیا وجہ ہے کہ بجلی غایب ہوجاتی ہے۔انہوںنے کہا’’ہمارے ساتھ کھیل کھیلا جارہا ہے ،آخر ہمیںان پروجیکٹوں کا کیا فائیدہ جب ہماری ترقی نہیں ہورہی ہے ۔گر ایسا ہی رویہ انتظامیہ کا رہا تو آنے والے دنوں کے اندر بڑے پیمانے پر احتجاج ہوگا‘‘۔ ارشد گیری نے بتایا کہ جہاں محکمہ کو کیبلنگ کا کام گرما میں کرنا چاہئے تھا وہیں سردیوں کا موسم شروع ہوتے ہی محکمہ جاگ گیا ہے اور پورا پورا دن بجلی غایب رہتی ہے اور اگر شام کے وقت آبھی گئی تو محکمہ کا بجلی شیڈول شروع ہوجاتا ہے اور ہرسال بغیر کسی معاہدے کے بجلی کرایہ میں اضافہ کیا جاتا ہے۔انہوںنے کہا کہ نتظامیہ کو چاہئے کہ بجلی کا نظام بہتر بنائے تاکہ عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
 

رام بن میں بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی پر صارفین برہم

ایم ایم پرویز
رام بن// رام بن ضلع کے صارفین شکایت کر رہے ہیں کہ محکمہ بجلی کی جانب سے غیر اعلانیہ کٹوتی کی وجہ سے ضلع اندھیرے میں ڈوبا ہوا ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ شاید ہی کوئی دن ایسا گزرتا ہوگا جب محکمہ کی طرف سے کچھ عرصہ قبل جاری کردہ بجلی کٹوتی شیڈول کی خلاف ورزی نہ کی جاتی ہو۔انہوں نے کہا کہ طلباء امتحانات میں شرکت کرنے جا رہے ہیں۔ انہیں امتحان کے لیے خود کو تیار کرنا ہے، طلباء اور ان کے والدین نے شکایت کی کہ بجلی کی غیراعلانیہ کٹوتی ان کے لیے یہ ناممکن بنا رہی ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ محکمہ اپنے کٹوتی شیڈول پر عمل نہیں کر رہا ہے بلکہ وہ صبح اور شام کے اوقات میں جب لوگ مساجد اور مندروں میں عبادت کے لیے جا رہے ہوتے ہیں تو بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی کا سہارا لیاجاتا ہے۔کچھ صارفین نے الزام لگایا کہ محکمہ نے اس پہاڑی ضلع کے لوگوں کو سرسری لیا ہوا ہے ،جب کوئی بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی کے بارے میں پوچھتا ہے تو اسے جواب دیا جاتا ہے کہ اوورلوڈ کی وجہ سے لوڈ بڑھ گیا ہے جسے انہوں نے محکمہ کے انجینئروں کی جانب سے ’’ریڈی میڈ‘‘ جواب قرار دیا۔دوسری جانب ایگزیکٹو انجینئر JPDCL نثار احمد نے عوام پر زور دیا کہ وہ ہیٹر اور بوائلر سے گریز کریں اور خاص طور پر سردیوں کے موسم میں بجلی کی مناسب فراہمی کے لیے بجلی کا درست استعمال کریں۔