غلط پارکنگ کے خلاف ٹریفک پولیس کی کاروائی

پونچھ//پونچھ ٹریفک پولیس نے غلط پارکنگ کیخلاف کارروائی عمل میں لاتے ہوئے درجنوں گاڑیوں کو ضبط کر تے ہوئے پولیس اسٹیشن پہنچایا ۔اس کارروائی کے دوران ٹریفک پولیس نے غلط پارک کی گئی کئی گاڑیوں کو ضبط کر کے کرین کے ذریعہ پولیس تھانہ پہنچایا۔ جب کہ افسران کی جانب سے غلط پارکنگ کے ساتھ ساتھ نظم و ضبط متاثر کرنے والوں کیخلاف بھی کارروائی عمل میں لائی گئی ۔واضح رہے کہ پونچھ میں جگہ جگہ ٹریفک جام لگنے کی وجہ سے لوگ پریشان ہیں اس سلسلہ کو دیکھتے ہوئے ایس ایس پی موہن لعل کی ہدایت پرٹریفک کے بہائو اورٹریفک نظام میں مزید بہتری لانے اورٹریفک قوانین پر عمل درآمد کرانے کے لئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں۔اس سلسلہ میں حالیہ دورہ کے دوران ایس ایس پی ٹریفک موہن لعل نے ٹریفک پولیس کے تمام افسران کو خصوصی ہدایات جاری کیں تھیں کہ ضلع میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کو کم کرنے کے لئے ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرانا ہے۔جس کے بعد ٹریفک پولیس کی جانب سے پورے ضلع میں غلط پارکنگ کرنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کاروائی جاری ہے ۔اس سلسلہ کو جاری رکھتے ہوئے سنیچر وار کو ٹریفک آفیسر پونچھ کی قیادت میں پریڈ پارک پونچھ، ناکواں وا سڑخ، بس اڈہ پر غلط پارکنگ کی گئی درجنوں گاڑیوں کو ٹریفک پولیس نے تحویل میں لیا ۔اس سلسلہ میں بات کرتے ہوئے ایس اوٹریفک احتشام الحق نے کہا کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو رعائت نہیںدی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ فٹ پاتھوں پر بھی کی گئی غلط پارکنگ کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔