غریب لوگوں کو روزگار کی ضمانت فراہم کرنیکا حکومتی دعویٰ سراب ثابت

مغل میدان میں لوگوں کامحکمہ دیہی ترقی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ 

 
اندروال// حلقہ اندروال کے علاقہ مغل میدان کی مختلف پنچایتوں کے سرپنچوں وپنچوں نے محکمہ دیہی ترقی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے متعلقہ محکمہ پرعوامی مسائل کونظراندازکرنے کاالزام عائد کیا۔اس دوران سراپااحتجاج پنچایت نمائندوں نے کہاکہ گزشتہ دو برسوں سے ایم جی نریگا ایکٹ کے تحت جن مزدوروں نے کام کئے ہیں، ان کی اجرتیں واگزارنہیں کی گئی ہیں اوراس مسئلہ کوبارہامتعلقہ حکام کے نوٹس میں لایاگیاہے ۔انہوں نے کہاکہ محکمہ دیہی ترقی ایم جی نریگامزدوروں کے ساتھ کھلواڑکررہاہے۔انہوں نے کہاکہ ایم جی نریگاایکٹ کے تحت 15 دنوں کے اندرمزدوری کی ادائیگی کرنالازمی ہوتاہے لیکن محکمہ کی طرف سے ایم جی نریگاقواعدکی خلاف ورزی کی جارہی ہے جس کی وجہ سے مزدوروں کومشکلات کاسامناکرناپڑرہاہے۔انہوں نے کہاکہ بلاک کی طرف سے مختلف سکیموں کے تحت پنچایتوں میں تعمیراتی کام کروائے گئے ہیں ان کی رقوامات ادائیگی کرنے میں محکمہ غفلت کامظاہرہ کررہاہے جس سے لوگ پریشان ہیں۔اس موقعہ پرپنچایت راہل تھل کے سرپنچ بشیر احمد بشمول دیگر سرپنچوںاور مقامی لوگوںنے ضلع ترقیاتی کمشنر انگریز سنگھ رانا سے گزارش کی کہ 31 مارچ سے پہلے لوگوں کے جائزمسائل کاازالہ کیاجائے اوربصورت دیگرلوگ احتجاج کاراستہ اختیارکریں گے ۔اس دوران مظاہرے میں مختلف پنچایتوں کے سینکڑوں لوگ شامل تھے ۔انہوں نے محکمہ دیہی ترقی کے تئیں غم وغصے کااظہارکیا۔واضح رہے کہ حلقہ اندروال کا علاقہ مغل میدان 13 پنچایتوں پر مشتمل ہے اورکثیر آبادی کے اعتبارسے کافی اہمیت رکھتاہے ۔