غریب اور مجبور لوگوں پر کوئی اثر نہیں پڑنے دیا جائے گا: محکمہ سماجی بہبود

سرینگر//ایک طرف جہاں کووِڈ19 کی وجہ سے پورے ملک میں لاک ڈائون نافذ ہے وہیں جموںوکشمیر اِنتظامیہ نے کہا کہ اِقتصادی بدحالی کی وجہ سے یونین ٹریٹری کے غریب لوگوں پر کوئی اثر نہیں پڑنے دیاجائے گا۔کووِڈ19 کی وجہ سے لوگوں کے مشکلات کا اَزالہ کرنے کے لئے اِنتظامیہ غریب اور مجبور لوگوں تک پہنچ رہی ہے اور کشمیر صوبے میں انٹگریٹیڈ سوشل سیکورٹی سکیم کے تحت 3.2لاکھ پنشنروں میں دو مہینے کی پیشگی پنشن اجرا ٔ کی گئی ہے۔ڈائریکٹر جنرل کشمیر محکمہ سماجی بہبود رُخسانہ غنی نے کہا ہے کہ محکمہ نے بزرگ اَفراد ، معذور لوگوں ، بدحال خواتین اور بیوائوں کی مشکلات حل کرنے کے لئے مناسب اِقدامات کئے ہیں۔حکومت اِن مستحقین کے حق میں دو مہینے کی پنشن عنقریب ریلیز کر رہی ہے ۔ڈی جی نے کہا کہ نیشنل سوشل اسسٹنس پروگرام کے تحت تقریباً 80ہزار مستحق لوگوں کو پنشن دی جاچکی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے این ایس اے پی کے تحت مستحق لوگوں میں ایک ہزار روپے کی پیشگی رقم بھی فراہم کی ہے۔اِس کے علاوہ ڈائریکٹر جنر ل نے کہا کہ کووِڈ۔19 لاک ڈاون کے باوجود 5.75 لاکھ طالب علموںکو سکالر شپ کی رقم دی جاچکی ہے۔ڈی جی نے مزید کہا کہ محکمہ نے اَطفال گھروں میں رہنے والے بچوں کی صورتحال کا ہفتہ وار بنیادوں پر جائزہ لینے کے لئے خصوصی کمیٹیاں تشکیل دی ہیں۔ڈی جی نے کہا کہ محکمہ اِن اِداروں میں قیام پذیر بچوں اور عملے کو ماسک ، سنیٹائزر اور دیگر حفاظتی سازوسامان فراہم کررہا ہے ۔اُنہوں نے کہاکہ اِس مقصد کے لئے سوشل ویلفیئر اَفسروں کو ایک لاکھ روپے فی اَفسرکی رقم دی جاچکی ہے۔ڈی جی نے مزید کہا کہ سماجی بہبود محکمہ کو ہیلتھ ورکروں اور کووِڈ ۔19پر مامور اور دیگر اہلکاروں کے اہل خانہ کی دیکھ بھال کی ذمہ داری بھی سونپی گئی ہے۔اس دوران ڈی جی سماجی بہبود جموں ریحانہ بتول نے محکمہ کی جانب سے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لینے کے دوران کہا کہ حکومت جن لوگو ں بشمول بزرگوں ، بیوائوں اور مزدوروں کے علاوہ دیگر لوگوں کو مالی مددفراہم کر رہی ہے اُن کے مسائل کو حل کرنے کے لئے ہنگامی نوعیت کے اقدامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جموں صوبے میں کئی مستحقین کو دو مہینے کی پیشگی پنشن فراہم کی جاچکی ہے۔اس کے علاوہ تقریباً90 ہزار نئے معاملات کے تعلق سے بھی جانچ کا عمل مکمل کیا جاچکا ہے اور اِن افراد کے حق میں اگلے پانچ روز کے اندر پنشن اداکی جائے گی۔