اننت ناگ//کھرم اننت ناگ میں دو کمسن بچے نہانے کے دوران غرق آب ہونے کے بعدڈپٹی کمشنر اننت ناگ نے ضلع کی ندی نالوں میں نہانے پر پابندی عائد کی ہے ۔کھرم سری گفوارہ میں جمعہ کو اُس وقت کہرام مچ گیا جب یہاں دو کمسن بچے نہانے کے دوران غرق آب ہوگئے ۔12سالہ وسیم احمد بجاڈ ولد محمد اشرف بجاڈ ساکنہ گلن کھرم اور11سالہ ابرار احمد کھٹانہ ولد محمد اشرف کھٹانہ ساکنہ اچھدر کھرم اسی علاقہ سے بہہ رہی ،ڈڈی کنال میں نہا رہے تھے ،جس دوران پانی کے تیز بہائو کی وجہ سے دونوں بچے غرق آب ہوگئے۔مقامی لوگوں نے اگر چہ دونوں بچوں کو نہر سے باہر نکال کر پی ایچ سی کھرم منتقل کیا ،تاہم ڈاکٹروں نے اُنہیں وہاںمردہ قرار دیا ۔واقعہ کی خبر پھیلتے ہی علاقہ میں ماتم کی لہر دوڑ گئی ۔دونوں بچوں کو سینکڑوں لوگوں کی موجودگی میں پرنم آنکھوں سے سپرد لحد کیا گیا ۔اس بیچ ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ کے ایک حکم نامہ کے مطابق ضلع میں ندی نالوں میں نہانے پر پابندی عائد کی گئی ہے ۔حکم نامہ کے مطابق ضلع میں نہانے کے دوران انسانی جانیں ضائع ہونے کا اندیشہ ہے ،لہذا ندی نالوں پر نہانے پر فوری طور پابندی عائد کی گئی ہے ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے تحصیلداروں،پولیس افسران اور جل شکتی محکمہ کو حکم نامہ کو سختی سے نافذ کرنے کی ہدایت جاری کی ہے ۔