عید میلاد النبی ؐکی اختتامی تقریب|| درگاہ میں ہزاروں کا اجتماع مساجد ، خانقاہوں اور زیارتگاہوں میں مجالس

عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر//وادی کشمیر میں جمعہ کو عید میلاد کی تقریب روایتی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی۔جہاں پوری وادی میں عید میلاد کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا، وہیں ڈل جھیل کے کنارے واقع درگاہ حضرت بل مذہبی تقریب کے انعقاد کا مرکز بنا رہا۔نماز جمعہ اور دعائوں کے لیے ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مند حضرت بل میں جمع ہوئے ۔شب خوانی میں بھی بڑی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کی جس کے دوران جمعرات کی شب خصوصی دعائیں کی گئیں۔ اختتامی تقریبات پوری وادی میں نہایت ہی عقیدت و احترا م کے ساتھ منائی گئی۔ اس دوران مساجد ،خانقاہوں اور زیارت گاہوں میں روح پرور شبانہ مجالس کا انعقاد ہوا۔ علماء نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ دنیا وی اور آخروی زندگی گزارنے کیلئے اسوہ حسنہ پر من و عن عمل کریں ۔ اختتامی تقریبات کے سلسلے میں پوری وادی میں اجتماعات کا اہتمام کیا گیا ۔سب سے بڑی تقریب درگاہ حضرتبل میں منعقد ہوئی ۔ درگاہ میں عقیدت مندوں کو نماز فجر، جمعہ اورنماز عصر کے موقعے پر موئے پاک کے دیدار سے فیضیاب کرایا گیا ۔ عید میلاد کے سلسلے میں اہم شریف بانڈی پورہ ،جناب صاحب صورہ ،زیارت شریف دستگیر صاحب ، خانقاہ معلی، سعید یعقوب صاحب سونہ وار ، پنجورہ شوپیان،خانقاہ فیض پناہ ترال ،کعبہ مرگ اور وادی کے اطراف و اکناف میں تقریبات کا اہتمام کیا گیا ۔انتظامیہ نے اس موقعہ پر عقیدت مندوں کیلئے خاطر خواہ انتظامات کئے گئے۔اسکے علاوہ کئی رضا کار تنظیموں اور سرکاری انجمنوں نے بھی انتظامات کئے تھے۔