سرینگر//عید میلاد النبی ؐکے سلسلے میں کئے گئے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے نے کل یہاں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے افسران پر زور دیا کہ کوویڈ۔19 پروٹوکول پر سختی سے عمل کیا جائے ۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ امسال کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر حضرت بل اور دیگر مقامات پر شب خوانی نہیں ہوگی جبکہ موئے مقدس آنحضور ؐ کی نشاندہی صرف درگاہ شریف کے باہر ہوگی۔صوبائی کمشنرنے تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ ضروری مشورے جاری کریں تاکہ اجتماعات میں شریک افراد صفائی،ماسک اورمعاشرتی فاصلے کو برقرار رکھیں اور وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لئے متعلقہ ایس او پیز پرسختی سے عملکریں۔عید میلاد النبی ؐکے سلسلے میں آثار شریف حضرتبل میں سب سے بڑی تقریب منعقد ہوتی ہے جبکہ جناب صاحب صورہ ،آشار شریف شہری کلاش پورہ ،اہم شریف بانڈی پورہ ،کعبہ مرگ اننت ناگ ،پیٹھ مقام بیروہ کے علاوہ مساجد ،درگاہوں اور خانقاہوں اور دیگر مقامات پر بھی تقریبات کا انعقاد ہوتا ہے ،میں عرس کے 12دنوں کے دوران حفظان صحت کی مناسب دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے اور زایرین کیلئے ماسک اور سینی ٹائزر وافر مقدار میں دستیاب رکھا جائے ۔سرینگر میونسپل کارپوریشن اور اربن لوکل باڈیز محکمہ سے کہا گیا کہ وہ حضرت بل اور دیگر مقامات پر روزانہ کی بنیاد پر ادویات کا چھڑکائو کریں جبکہ موبائل بیت الخلائوں ،پانی کے ٹینکروں کو دستیاب رکھا جائے اور خاکروبوںکی اچھی تعداد کو تعینات کیا جائے ۔انہوں نے حضرت بل میں مزید8سی سی ٹی وی کیمروں کو نصب کرنے کی بھی ہدایت دی ۔صوبائی کمشنرنے عرس کے ایام کے دوران بلا خلل بجلی اور پانی کی سپلائی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ حضرت بل میں ایمبولنس اور فائر سروس گاڑیوں کو دستیاب رکھنے پربھی زور دیا ۔ صوبائی کمشنر کشمیر نے انتظامات کا جائزہ لینے کے دوران آفیسران کو تقریبات کے سلسلے میںٹرانسپورٹ اورپارکنگ کے لئے بہتر انتظامات کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے فوڈ سیفٹی اورایل ایم ڈی آفیسران کو پوری واد ی میں مارکیٹ چیکنگ سکارڈ متحر ک رکھنے کی بھی ہدایت دیجبکہ محکمہ خوراک و رسدات سے کہا گیا کہ لوگوں کو راشن اور رسوئی گیس بہم رکھا جائے ۔انہوں نے ڈپٹی کمشنروں سے کہا کہ وہ درگاہوں اورخانقاہوں کا دورہ کریں اور زائرین کیلئے انتظامات کو یقینی بنائیں ۔میٹنگ میں سیکرٹری وقف بورڈ ، چیف انجینئر جل شکتی اور پی ڈی ڈی ، ڈائریکٹر ایف سی ایس اینڈ سی اے ، ایس ایس پی ٹریفک رورل ، ایس پی ہیڈ کوارٹر ، کنزرویٹر جنگلات ، جوائنٹ ڈائریکٹر انفارمیشن اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کیجبکہ وادی کے تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں اور ایس ایس پیزنے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میںشرکت کی۔