عید الفطر کے پیش نظر 170 کروڑ روپے نریگا اجرتیں واگذار

سرینگر//کووڈ 19 وباء کے دوران دیہی آبادی کو درپیش مالی مشکلات کم کرنے کیلئے محکمہ دیہی ترقی و پنچایتی راج نے عید الفطر کے پیش نظر منریگا کے تحت 170 کروڑ روپے واگذار کئے تا کہ کامگار عید کا تہوار خوشی سے منا سکیں ۔ محکمہ نے ملک بھر میں لاگو لاک ڈاؤن کے سبب بے روزگار ہوئے غریبوں کیلئے 183 کروڑ روپے واگذار کئے ہیں ۔ 20 اپریل سے ایم جی نریگا کاموں کو دوبارہ شروع کرنے کے بعد محکمہ نے سکیم کے تحت 14000  ترقیاتی پروجیکٹ ہاتھ میں لئے جن میں 1670 آبی ذخائیر کے تحفظ اور آبپاشی کام تھے ۔ جبکہ 4 ہزار کام دیہی بنیادی ڈھانچے اور پی ایم اے وائی جی کے 8300 کام شامل ہیں ۔ جن سے جموں کشمیر میں 5.28 لاکھ کام دن پیدا کئے گئے ۔ اس سلسلے میں رقم کی اضافی 170 کروڑ روپے کی قسط کامگاروں میں دیہی معثیت کو فروغ دینے کی غرض سے واگذار کئے گئے ہیں ۔ اس موقعہ پر سیکریٹری دیہی ترقی اور پنچائتی راج نے کہا کہ اس سے قبل 183 کروڑ روپے ایم جی نریگا کامگاروں کو ادا کئے گئے اور اب عید الفطر کے تہوار کے پیش نظر مزید 170 کروڑ روپے کی رقم واگذار کی گئی۔انہوں نے مزید کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے ایم جی نریگا کاموں کے دوران سماجی دوری قائم رکھنے ، ماسک اور دیگر ذاتی صفائی ستھرائی کے استعمال پر زور دیا ہے اس لئے محکمہ نے کام کی جگہوں پر یہ تمام سہولیات بشمول ہینڈ سینی ٹائیزر ، ہینڈ باش اور ماسک دستیاب رکھنے کیلئے 30.75 لاکھ روپے بھی واگذار کئے ہیں تا کہ ایم جی نریگا کامگاروں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے ۔