عیدگاہ میں ڈگری کالج قائم نہ کرنے پر مبارک گل برہم

 سرینگر//سابق ممبرا سمبلی ونیشنل کانفرنس کے رہنمااور سابق ممبر اسمبلی مبارک گل نے اسمبلی حلقہ انتخاب عیدگاہ کیلئے ڈگری کالج منظور نہ کئے جانے پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ریاستی انتظامیہ نے عید گاہ  اسمبلی حلقہ انتخاب میں ڈگر ی کالج کے قیام کو منظوری نہیں دی ،تو وہ لوگوں کے ہمراہ راج بھون جموں کے سامنے بھوک ہڑتال شروع کریں گے۔انہوں نے کہا کہ جہاں مرکزی وریاستی حکومتیں ریاست میں تعلیم کو عام کرنے کے بلند وبانگ دعوے کررہی ہیں ،وہیں دوسری طرف اُن علاقوں جہاں تعلیمی اداروں کے قیام کی اشدضرورت ہے کونظرانداز کیاجارہا ہے۔مبارک گل نے کہا کہ عیدگاہ اسمبلی حلقہ میں کوئی بھی ڈگری کالج موجود نہیں ہے اور اس وجہ سے یہاں کے طالبعلموں کو دوسرے علاقوں کے کالجوں میں داخلہ لینا پڑتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اسمبلی حلقہ انتخاب عید گاہ کے طالب علموں کو علاقے میں ڈگری کالج نہ ہونے سے مشکلات کا سامنا ہے ۔سابق ممبر اسمبلی عیدگاہ نے کہا کہ ریاستی انتظامی کونسل کی حالیہ میٹنگ میں جموں کشمیر کے مختلف ضلعوں میں ڈگری کالجوں کے قیام کو منظوری دی گئی لیکن بدقسمتی سے سرینگر کے اسمبلی حلقہ انتخاب عیدگاہ کو اس معاملے میں مکمل طور نظرانداز کیاگیا۔انہوں نے کہا عیدگاہ میں ڈگری کالج کے قیام کوپس پشت ڈالنے پر یہاں کے عوام میں ناراضگی پیدا ہوئی ہے۔مبارک گل نے مطالبہ کیا کہ عیدگاہ میں ڈگری کالج قائم کرنے کا فوری طور اعلان کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ اگر اُن کا مطالبہ منظور نہیں کیاگیا تو وہ اسمبلی حلقہ انتخاب عید گاہ کے لوگوں کے ہمراہ راج بھون جموں کے سامنے بھوک ہڑتال شروع کریں گے۔