عیدالفطر کی نماز چوگان میں 10بجے ادا ہوگی

عاصف بٹ
کشتواڑ//تین سال کے بعد امسال انتظامیہ نے عیدالفطر کی نماز کو تاریخی چوگان گرائونڈ میں ادا کرنے کی اجازت دی ہے جسکے بعد امسال عیدالفطر کی نماز چوگان گرائونڈ میں صبح دس بجے ادا کی جائے گی۔ کرونا وائرس کے سبب انتظامیہ نے بڑے اجتماعات پر پابندی عاید کی تھی اور عید کی نماز کو مساجدوں کے اندر ہی ادا کرنے دیا جاتا تھا تاہم امسال انتظامیہ نے عیدالفطر کی نماز چوگان گرائونڈ میں اداکرنے کی اجازت دی۔ امام مرکزی جامع مسجد کشتواڑ فاروق احمد کچلو نے بتایا کہ عیدالفطر کی نماز صبح دس بجے چوگان میں ادا کی جائے گی جسکے بعد حسب روائت  جلوس کی شکل میں پہلے شاہ اسرارالدین بغدادیؒ  کے آستان عالیہ پر فاتحہ خوانی ہوگی اور بعد میں جھنڈے کی سلامی شاہ فریدالدین بغدادیؒ کے آستان عالیہ پر انجام دی جائے گی۔اس دوران قصبہ میں عیدالفطر کے پیش نظر حفاظت کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں ۔جہاں چوگان کے چاروں اطراف پولیس کی نفری کو تعینات کیا گیا ہے وہیں دیگر حساس مقامات پر بھی کڑے انتظامات کئے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچاجاسکے۔