یو این آئی
سرینگر// نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا کہنا ہے کہ وندے بھارت ٹرین سے جموں و کشمیر کے تمام لوگوں کو کافی فائدہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سیاح اور عام لوگ اب آزادی سے سفر کر سکیں گے ۔نیشنل کانفرنس کے صدر نے ان باتوں کا اظہار منگل کی صبح یہاں وندے بھارت ٹرین سے کٹرہ روانہ ہونے سے قبل نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘مجھے بہت خوشی ہے کہ میں آج اس ٹرین سے کٹرہ جا رہا ہوں اس ٹرین سے ہمیں بہت بڑا فائدہ ہوگا’۔ان کا کہنا تھا: ‘اب سیاح اور لوگ آزادی سے سفر کریں گے قومی شاہراہ کئی دفعہ بند رہتی ہے اور ہوائی کرایہ بھی بڑھ جاتا ہے ‘۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ لوگ اس ٹرین سے فائدہ اٹھائیں گے ۔
سیاحت کوفروغ ملے گا، رابطے بڑھیں گے :ناصر اسلم
یو این آئی
سرینگر// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے مشیر ناصر اسلم وانی کا کہنا ہے کہ وندے بھارت ٹرین نہ صرف سیاحت کے فروغ کے لئے بلکہ رابطے بڑھنے کے اعتبار سے بھی ہمارے لئے بہت اہم ہے ۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں جہاں جہاں زمینی و ہوائی رابطے بڑھ گئے وہاں ترقی ہوئی۔موصوف مشیر نے ان باتوں کا اظہار منگل کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘وندے بھارت ٹرین نہ صرف سیاحت کے حوالے سے بلکہ کنکٹوٹی کے حوالے سے بھی ہمارے لئے بہت ضروری ہے دنیا میں جہاں جہاں سڑکوں، ریلویز، ہوائی لحاظ سے کنکٹوٹی بڑھائی گئی وہاں ترقی ہوئی’۔ان کا کہنا تھا: ‘آج کل کے دور میں کسی بھی علاقے کی ترقی کے لئے کنکٹوٹی بڑھانا ضروری ہے ‘۔ناصر اسلم نے کہا جو بچے ہوائی کرایہ برادشت نہیں کرسکتے تھے وہ اب آرام سے سفر کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا: ‘اس سے ائیر لائنز کی من مانیاں ختم ہوں گی اور ہمار فروٹ یہاں سے آرام سے باہر جائے گا’۔