عوام کوراحت پہنچانا ہماری اولین ترجیح :عمر عبد اللہ

File Image

عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر// نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور نامز د وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ نے کہا کہ عوام کی راحت رسانی ہماری اولین ترجیح ہونی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے اگلے 5سال کیلئے لائحہ عمل مرتب کرکے ایک منظم منشور عوام کے سامنے رکھا ہے اور ہماری حد درجہ کوشش ہوگی کہ اس پر من و عن علمدرآمد کیا جائے۔ جموں کشمیر اور بیرونِ ریاست سے کئی نامور شخصیات، عوامی وفود، معزز شہریوں ، دینی، سماجی اور تاجر انجمنوں کے نمائندے عمر عبداللہ سے اُن کی رہائش گاہ پر ملاقی ہوئے اور انہیں اسمبلی انتخابات میں شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ عالمی شہرت یافتہ کمنٹیٹر اور ٹیم انڈیا کے سابق کپتان روی شاستری اور لیجنڈس کرکٹ لیگ ٹی 20کے بانی و چیئرمین وویک خوشلانی بھی عمر عبداللہ سے ملاقی ہوئے۔ انہوں نے جموںوکشمیر میں کھیل کود خصوصاً کرکٹ کو فروغ دینے اور کھیل شعبے کیلئے مزید مواقع پیدا کرنے کے سلسلے میں تبادلہ خیالات کیا۔ عمر عبداللہ نے کہاکہ کشمیری نوجوانوں میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں ہے بس انہیں سمت کی ضرورت ہے۔ اس کے علاوہ عمر عبداللہ نے پارٹی سے وابستہ لیڈران، عہدیداران اور کارکنان پر زور دیا کہ وہ عوام کے ساتھ زمینی سطح پر قریبی رابطہ رکھیں اور لوگوں کے مسائل و مشکلات ہر سطح پر اُجاگر کریں۔ انہوں نے کہاکہ لوگوں کے قیمتی ووٹوں سے ہماری کامیابی یقینی بنی ہے اور عوام کی راحت رسانی ہماری اولین ترجیح ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے اگلے 5سال کیلئے لائحہ عمل مرتب کرکے ایک منظم منشور عوام کے سامنے رکھا ہے اور ہماری حد درجہ کوشش ہوگی کہ اس پر من و عن علمدرآمد کیا جائے۔ عمر عبداللہ نے کہا ’’ ہماری جدوجہد طویل ہے ، ہمارے سامنے الیکشن کے انعقاد ایک چیلنج تھا اور پھر اس میں کامیابی حاصل کرنابھی بڑا چیلنج تھا۔ ہمارے سامنے جموںوکشمیر کیلئے ریاستی درجہ بحال کرنا اور پھر یہاں کے عوام کے آئینی اور جمہوری حقوق بحال کروانے کے چیلنج باقی ہیں‘‘۔یہ وفود بعد میں صدرِ نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ سے بھی ملاقی ہوئے۔