عوام اور انتظامیہ میں گہری خلیج:میر

 سرینگر// پردیش کانگریس کمیٹی کی ایک میٹنگ میں اتوار کو جموں کشمیرکی موجودہ سیاسی وسماجی صورتحال پر غور کیا گیا۔اس دوران میٹنگ میں متعدد عوامی اہمیت کے مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔ایک بیان کے مطابق پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر غلام احمدمیر کی صدارت میں منعقدہ اس میٹنگ میں جموں کشمیرکی سیاسی وسماجی صورتحال پر سیر حاصل گفتگوکی گئی اور مرکز کی جموں کشمیر کے تئیں غلط پالیسیوں کی وجہ سے عوام کو درپیش مشکلات پر تشویش کااظہار کیاگیا۔ میٹنگ میں جموں کشمیرمیں بے روزگاری میں مسلسل اضافہ ہونے،اقتصادی نقصانات ،تعلیم یافتہ نوجوانوں کیلئے سرکار کی روزگار کی پالیسی نہ ہونے پر برہمی کااظہار کیاگیا اوراِسے نوجوانوں میں مایوسی کا موجب قرار دیاگیا۔ میٹنگ کے دوران ضلع کانگریس صدور نے جموں کشمیرمیں عوامی حکومت نہ ہونے پر تشویش ظاہر کی اورکہا کہ اس سے عوام اور انتظامیہ میں گہری خلیج پائی جاتی ہے جوعوام میں بے چینی کا سبب ہے ۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے پردیش کانگریس صدر غلام احمدمیر نے کہا کانگریس پارٹی لوگوں ،جنہوں نے مرکزکے کئی غیر متوقع فیصلوں کی وجہ سے بدترین صورتحال کاسامنا کیا اور جنہوں نے جموں کشمیر کے عوام کو ہرلحاظ سے پشت بہ دیوار کیا ہے، کے حقوق کو بحال کرنے کیلئے جدوجہد کرنے کی پابند ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک ذمہ دار اورتعمیری اپوزیشن پارٹی ہونے کے ناطے کانگریس جموں کشمیر میں رہ رہے لوگوں کے کسی طبقے کے خلاف ناانصافی کے خلاف آوازبلند کرتی رہے گی۔میرنے پارٹی کے ضلع صدور کو عوامی خدمت انجام دینے رہنے کی تلقین کی کیوں کہ لوگوں کی خدمت کرنا کانگریس پارٹی کانصب العین ہے.. ۔اس موقعہ پر بھاجپا کی سینئر لیڈرڈاکٹر انیسہ گل نے کانگریس میں شمولیت کی اور عہد کیاکہ وہ اپنے علاقے کے لوگوں کی بہبود کیلئے کام کریں گی۔پردیش کانگریس صدر اور ضلع صدور نے ان کی پارٹی میں شمولیت پر ان کا خیرمقدم کیا۔