سری نگر//پیپلزڈیموکریٹک پارٹی نے نیشنل کانفرنس کی نفرت پرمبنی سیاستکاری کوپارٹی لیڈرشپ کاروایتی طرزفکروعمل قراردیتے ہوئے کہاہے کہ جموں وکشمیرگزشتہ کئی دہائیوں سے جس سیاسی گردآب میں پھنسی ہے ،وہ نیشنل کانفرنس لیڈرشپ کی اقتدارپسندی اورتاریخی غلطیوں کاہی نتیجہ ہے ۔پارٹی ضلع صدرسرینگر اورممبرقانون سازکونسل محمدخورشیدعالم نے این سی لیڈرشپ کی جانب سے پی ڈی پی صدرمحبوبہ مفتی کے انسانی ہمددردی پرمبنی اقدامات کوہدف تنقیدبنائے جانے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ این سی لیڈرشپ نے کبھی اپنی دل میں ستم رسیدہ لوگوں کیلئے کوئی جذبہ نہیں رکھا۔انہوں نے کہاکہ یہ نیشنل کانفرنس کی خام خیالی ہے کہ ریاست کے لوگ بالخصوص کشمیری عوام اس پارٹی کے لیڈروں کی عوام دشمنی اوراقتدارپسندی کوبھول گئے ہیں ۔خورشیدعالم نے کہاکہ جس پارٹی کے لیڈرحریت والوں کوجیلوں میں سڑانے ،پاکستان پربمباری کرنے اورمودی جی کی قصیدہ خوانی کرتے رہے ہیں اورجس پارٹی نے محض اقتدارکی خاطراٹانومی قراردادکوردی کی ٹوکری کرواکے ریاستی اسمبلی کے تقدس کوپامال کروایا،اُس پارٹی کے لیڈروں پرکشمیری عوام کبھی بھروسہ نہیں کرسکتے ۔