عظمیٰ نیوز سروس
گلمرگ// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بدھ کے روز کہا کہ مرکز نے ان کی حکومت کے ساتھ کوئی ایسی انٹیلی جنس شیئر نہیں کی، جو میر واعظ عمر فاروق کی عوامی ایکشن کمیٹی پر پابندی کا جواز پیش کر سکتی ہو، اور زور دے کر کہا کہ وہ ایسے فیصلوں کے حق میں نہیں ہیں۔عبداللہ نے کھیلو انڈیا سرمائی کھیلوں کے پانچویں ایڈیشن کے اختتام کے بعد یہاں نامہ نگاروں کو بتایا”میں پابندی کی بنیاد نہیں جانتا ہوں، یہ منتخب حکومت کے دائرہ کار میں نہیں ہے اور جس انٹیلی جنس کی بنیاد پر یہ ہوا ہے ہمارے ساتھ شیئر نہیں کیا گیا ہے،” ۔تاہم عبداللہ نے کہا، اصولی طور پر، ہم کبھی بھی ایسے فیصلوں کے حق میں نہیں رہے۔انہوں نے مزید کہاکہ جب سے میر واعظ کو نظر بندی سے رہا کیا گیا ہے، میں نے ان کی طرف سے کوئی قابل اعتراض بیان نہیں دیکھا، لیکن ہمارے پاس پابندی کے پیچھے وجوہات کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ہیں۔ (لیکن)، ہم دیکھیں گے کہ مستقبل میں(اس کے بارے میں)کیا کرنا ہے، ۔ایک سوال کے جواب میں کہ کیا یہ پابندی میرواعظ کی جانب سے ریزورٹ میں حال ہی میں منعقدہ فیشن شو پر تنقید کی وجہ سے تھی، وزیر اعلی عبداللہ نے کہا، آپ ایسا نہیں کہہ سکتے۔