عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پیر کو نیشنل کانفرنس کے رہنما عمر عبداللہ کو 16 اکتوبر کو مرکز کے زیر انتظام ریاست جموں و کشمیر کے پہلے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لینے کی دعوت دی۔یہ پیشرفت جموں و کشمیر میں صدر راج منسوخ کرنے کے ایک دن بعدہوئی ہے۔عبداللہ کو لکھے ایک خط میں سنہا نے کہا، “مجھے 11اکتوبر 2024 کو جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا ایک خط ملا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ آپ کو متفقہ طور پر مقننہ پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا ہے۔”انہوں نے کہا کہ انہیں جموں و کشمیر کانگریس کے سربراہ طارق حمید قرہ، سی پی آئی(ایم)کے سکریٹری جی این ملک، (اے اے پی) کے قومی سکریٹری پنکج کمار گپتا اور منتخب آزاد ایم ایل ایز پیارے لال شرما، ستیش شرما، محمد اکرم، رامیشور سنگھ اور مظفر اقبال خان، این سی کی حمایت کرتے ہوئے کا خط بھی ملا ہے‘‘۔ “مجھے آپ کو جموں و کشمیر کی حکومت بنانے اور اس کی قیادت کرنے کی دعوت دیتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے‘‘۔سنہا نے کہا، “جیسا کہ علیحدہ طور پر طے پایا ہے، میں آپ کو، اور ان لوگوں کو جو آپ نے آپ کی وزرا کونسل کے ممبران کے طور پر شامل کرنے کے لیے تجویز کیے ہیں، SKICC، سرینگر میں 16 اکتوبر 2024 کو صبح 11:30 بجے حلف دوں گا۔” انہوں نے کہا، میں اس موقع پر آپ کو جموں و کشمیر کے لوگوں کے بہترین مفاد میں آپ کی کوششوں میں ایک انتہائی نتیجہ خیز مدت اور کامیابی کی خواہش کرتا ہوں۔ایل جی کے پرنسپل سیکریٹری نے خط عبداللہ کے حوالے کیا اور انہیں تقریب حلف برداری کی تاریخ اور وقت سے آگاہ کیا۔عبداللہ نے X پر ایک پوسٹ میں کہا”ایل جی کے پرنسپل سکریٹری کا استقبال کرتے ہوئے خوشی ہوئی۔ انہوں نے ایل جی کی طرف سے ایک خط حوالے کیا جس میں مجھے اگلی حکومت بنانے کی دعوت دی گئی ہے” ۔