عمران پرتاپ گڑھی کوشعبہ اُردوجموں یونیورسٹی میں اعزازسے نوازاگیا

جموں//شعبہ اُردوجموں یونیورسٹی میں ’’ایک شاعرسے ملاقات ‘‘سلسلہ کے تحت ہندوستان کے مشہورومعروف اورخوبصورت لب ولہجہ کے مالک شاعرعمران پرتاپ گڑھی سے طلباء کوروبروکروایاگیا۔ عمران پرتاپ گڑھی نے طلباء کواپنی شاعری سنانے کے ساتھ ساتھ زندگی کے مختلف تجربات کے بارے میں بھی روشناس کروایا۔انہوں نے اپنی چندمشہورزمانہ نئی اورپرانی نظموں کواپنے مخصوص ترنم میں سنایاجس سے سامعین وناظرین پروجدکی سی کیفیت طاری ہوگئی۔ انہوں نے کہاکہ ظلم ،جبراورجمہوریت کی بقاء کی جنگ میں کردارنبھاناہرذی شعورشہری بالخصوص ادباء وشعراء کافرض ہے۔ پرتاپ گڑھی نے حب الوطنی ،پیار،محبت اورکشمیرکی تہذیب وتمدن کی عکاس نظمیں پڑھ کرسامعین کومحظوظ کیا۔اس موقعہ پرشعبہ اُردوکی طرف سے عمران پرتاپ گڑھی کوایک شال اورمومنٹوسے بھی نوازاگیااوران کی عزت افزائی کی گئی۔