اسلام آباد// پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ملک کے 22ویں وزیر اعظم منتخب ہوگئے ۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی سربراہی میں قومی اسمبلی میں قائد ایوان کا انتخاب عمل میں آیا۔ ایوان میں نئے قائد کا انتخاب ڈویڑن کے ذریعے کیا گیا۔ جس میں عمران خان اور شہباز شریف کے درمیان مقابلے کے دوران ارکان دائیں اور بائیں دو حصوں میں تقسیم ہوگئے۔رائے شماری کا عمل مکمل ہونے کے بعد اسپیکر نے نتائج کا اعلان کیا جس کے تحت عمران خان قائد ایوان منتخب ہوگئے، عمران خان کو 176 جب کہ جب کہ شہباز شریف کو 96 ووٹ ملے۔نومنتخب وزیر اعظم عمران خان آج صبح ساڑھے نو بجے اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوگی اور صدر مملکت ممنون حسین ان سے حلف لیں گے۔ تقریب میں شرکت کے لیے خصوصی دعوت نامے جاری کئے جاچکے ہیں جب کہ بھارت سے عمران خان کے دوست نوجوت سنگھ سدھو تقریب میں شرکت کے لیے خصوصی طور پر پاکستان آئے ہیں۔