علامہ رسول شاہ کا 113 واںیوم وصال| انجمن نصرۃ الاسلام کے زیر اہتمام تقریب منعقد،خراج عقیدت پیش

سرینگر//سرکردہ عالم دین ، مقتدر دینی و روحانی پیشوا ، مصلح قوم ، انجمن نصر الاسلام کے بانی اعظم علامہ رسول شاہ کا 113 واںیوم وصال عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس سلسلے میں ایک اہم علمی تقریب انجمن کے زیر اہتمام منعقد کی گئی۔تقریب کی صدارت انجمن کے جنرل سیکریٹری الحاج محمد الطاف نے انجام دی جبکہ انجمن کے عملہ، اساتذہ اور طلباکی بڑی تعداد نے سماجی دوریوں کا لحاظ رکھتے ہوئے حصہ لیا۔ اس موقعہ پر جنرل سیکریٹری سمیت اسلامیہ اورینٹل کالج کے پرنسپل مفتی غلام رسول سامون، نصرالاسلام کے مدیر ایم ایس الرحمن شمس اور دیگر اساتذہ اور طلبانے خطاب کرتے ہوئے علامہ مرحوم کی قوم و ملت کے تئیں گرانقدر دینی، علمی، اصلاحی، دعوتی اور سماجی خدمات پر انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کو جہالت، غربت، اور ظلمت سے نکالنے کیلئے علامہ مرحوم نے جو کارہائے نمایاں اور گرانقدر خدمات انجام دیں وہ کشمیر کی عصری تاریخ کا ایک نہایت ہی روشن باب ہے ۔اس دوران علامہ مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے اسلامیہ اورینٹل کالج کے زیر اہتمام قرآن خوانی کی ایک بابرکت اور نورانی مجلس آراستہ کی گئی اور علامہ رسول شاہ سمیت ان کے زجملہ رفقااور تمام سابقہ صدور ، اساتذہ ، اراکین اور انجمن کے مخلصین کی مغفرت کیلئے خصوصی دعاں کا اہتمام کیا گیا ۔