کپوارہ//شمالی ضلع کپوارہ کا سرحدی علاقہ بڈنمل عصر حاضر میں بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔علاقہ ضلع ہیڈ کواٹر سے 40کلو میٹر دور واقع ہے ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ بجلی ،پانی ،بہتر سڑک رابطے اورطبی سہولیات کی عدم دستیابی کے نتیجے میں انہیں سخت مشکلات درپیش ہیں۔مقامی لوگو ں کے مطابق علاقے میں 7سال قبل بجلی سپلائی کرنے کے لئے بجلی کے کھمبے اور تر سیلی لائنو ں کو بچھایا گیا اور بجلی سپلائی بحال کی گئی لیکن محض ایک ماہ کیلئے بجلی سپلائی سے مستفید ہوئے لیکن بھاری برف باری کے دوران بجلی کے کھمبوں اور ترسیلی لائنوں کوبھاری نقصان ہوا۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ 7سال گزر نے کے بعد بھی محکمہ نے دوبارہ بجلی کے کھمبو ں کونصب نہیں کیا اور نہ ترسیلی لائنو ں کو جو ڑ دیا۔کئی لوگو ں نے کہا کہ40سال قبل بڈنمل پائین کیلئے ایک واٹر سپلائی سکیم منظور ہوئی جس کے بعد علاقہ کو پانی کی سپلائی فراہم کی گئی لیکن اب پائپ لائن بو سید ہو چکی ہے اور لوگو ں تک پینے کا پانی نہیں پہنچتا ہے ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ علاقہ میں گزشتہ70برسوں کے دوران کوئی اندرونی رابطہ سڑک تعمیر نہیں ہوئی جس کے با عث انہیں پگڈنڈیو ں کا سہار ا لینا پڑتا ہے جبکہ چوکی بل بڈنمل سڑک بھی انتہائی خستہ حال ہے ۔لوگو ں نے الزام لگایا کہ اگر چہ سڑک پر میکڈم بچھایا گیا لیکن وہ کئی مقامات پر اکھڑ گیا ہے۔لوگوں کے مطابق علاقہ میں مریضوں کے لئے بہتر طبی سہولیات میسر نہیں ہیں بلکہ کثیر آبادی کے لئے ایک سب سنٹر قائم ہے جہا ں نہ کوئی ڈاکٹر تعینات ہے اورنہ جدید طبی سہولیات دستیاب ہیں اور نتیجے کے طور یہا ں کے مریضوں کو بہتر علاج و معالجہ کے لئے ترس رہے ہیں ۔مقامی لوگو ں نے سرکار سے مطالبہ کیا کہ وہ اس بچھڑے ہوئے علاقہ کی طرف اپنی توجہ مرکو ز کریں اور یہا ں کے لوگو ں کو بنیادی سہولیات میسر رکھیں ۔