نیوز ڈیسک
اننت ناگ//پرانے پولیس تھانہ کے نزدیک عشمقام کے پی روڈ پر ہفتہ کو ایک 45سالہ موٹر سائیکل سوار مبینہ طور پر نیم فوجی گاڑی کی ٹکر سے لقمہ اجل بن گیا۔
نیوز ایجنسی جی این ایس کے مطابق ٹکرانے کے فوراً بعد موٹر سائیکل سوار زخمی حالت میں جی ایم سی اننت ناگ منتقل کیا گیا۔ تاہم وہ بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
حادثے میں لقمہ اجل بنے شخص کی شناخت بلال احمد پیر ولد غلام نبی پیر ساکن لٹرو کے طور پر کی گئی۔
اس دوران حادثہ کے فوراً بعد لوگوں نے مظاہرہ کیا اور قصورواروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔
جلد ہی سینئر افسران سمیت پولیس کی ایک ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور انہیں یہ یقین دہانی کرائی کہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے بعد ٹریفک فوری طور پر بحال کر دی گئی۔
ایک پولیس افسر نے جی این ایس کو بتایا کہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔