عسکریت پسندوں کی صفوں میں شامل ہونے کی کوشش

 گاندربل//ارشاد احمد//پولیس نے وسن گاندربل سے تعلق رکھنے والے 2نوجوانوں کو عسکریت پسندوں کی صفوں میں شامل ہونے سے بچالیا ۔گاندربل پولیس نے جدید تکنیک کا استعمال کرکے دونوں نوجوانوں کو سرینگر کے پرانے شہر کے ڈاون ٹاون سے ایک خفیہ ٹھکانے سے گرفتار کیا۔ ایس ایس پی گاندربل خلیل پوسوال کے مطابق دونوں نوجوانوں کو واپس لایا گیا اور ان کے اہل خانہ کی موجودگی میں ان کی عسکریت پسندی میں شمولیت سے متعلق حقائق کا جائزہ لیا گیا اور معلوم ہوا کہ مذکورہ نوجوان عسکریت پسندوں کی صفوں میں شامل ہونے کے لئے ان کے رابطے میں آگئے تھے۔انہوں نے کہا کہ والدین کے حوالے کرنے سے قبل نوجوانوں کو ایک ماہر نفسیات سے مناسب مشورے دیئے گئے جس کے بعد ان کو گھروالوں کے سپرد کردیا گیا۔اس موقعہ پر ایس ایس پی گاندربل نے اس معاملہ کے بارے میں کہاکہ سرحد پار سے مختلف عسکریت پسندوں کی تنظیموںکے کارکن سوشل میڈیا پر معصوم کشمیری نوجوانوں کو بہلا پھسلاکر عسکریت پسندی کی جانب راغب کررہے ہیںجس پر قابو پانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ والدین کو چاہئے کہ وہ اپنے بچوں پر کڑی نظر رکھیں تاکہ وہ کسی غلط یا غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث نہ ہوجائیں۔