سرینگر//مسلم لیگ نے عبید احمد اینٹھو ساکن سوپور پر 302کے تحت بارہمولہ جیل اور ریاض احمد ڈار غلام رسول ڈار ساکنہ پانزن چاڈورہ پر پی ایس اے عائد کر کے کورٹ بلوال جیل منتقل کرنے کوانتقام گیری سے تعبیر کرتے ہوئے اس کی مذمت کی۔لیگ ترجمان سجاد ایوبی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عبید احمد اینٹھو لگاتار پچھلے دو سال سے بند ہے اوراس دوران اگرچہ عدالت نے ان کی رہائی کے احکامات صادر کئے مگر ہر بار انہیں کسی نہ کسی فرضی کیس میں پھنساکر ان کی رہائی کے تمام راستوں کو مسدود کر کے ان کے والدین کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کیا گیا ۔بیان کے مطابق ریاض احمد ڈاربھی مسلسل پچھلے پانچ برسوں سے بند ہے اور انہیںجموں کشمیر کی مختلف جیلوں اور تھانوں میں بند کرکے من گھڑت کیسوں میں پھنسا کر اس کی گرفتاری کو طول دیا گیااور آج ان پر نئے پی ایس اے کا اطلاق کر کے کورٹ بلوال جیل منتقل کیا گیا جو سراسر نا انصافی ہے۔سجاد ایوبی نے کہا کہ مذکورہ نوجوان جو پچھلے کئے برسوں سے سیاسی انتقام گیری کے نشان بنائے جا چکے ہیں ، ان کے ماں باپ اور تمام رشتہ داروں کو ذہنی پریشانی اور کرب و بلا میں مبتلا کیا چکاہے ۔ترجمان نے ان کی بلا تاخیررہائی عمل میں لانے پر زور دیا ہے تاکہ ان کے افراد خانہ کی مشکلوں کا ازالہ ہو۔