شیری ، شوپیان،اننت ناگ اورکرناہ میں شجرکاری مہم کا انعقاد
فیاض بخاری +شاہد ٹاک
بارہمولہ+شوپیان+کرناہ //عالمی یوم جنگلات کے موقع پر سوموار کو ہیومن ایڈ سوسائٹی کشمیر نے محکمہ جنگلات اور کشمیر ڈیولپمنٹ فائونڈیشن کے اشتراک سے ضلع بارہمولہ کے شیری ناروائو علاقے کے زہ میدان میں شجرکاری مہم کا انعقاد کیا۔اس دوران سو کے قریب مختلف اقسام کے پودے لگائے گئے۔ اس موقع پر ہیومن ایڈ سوسائٹی کے چیئرمین بشیر احمد میر، ادارے کا عملہ،فارسٹر عاشق حسین، سرپنچ شیری غلام رسول بٹ اور محکمہ جنگلات کے ملازمین کے علاوہ علاقے کے دیگر شخصیات موجود تھیں۔ اس موقع پر ہیومن ایڈ سوسائٹی کے رضاکاروں، گورنمنٹ مڈل اسکول شیری پائین کے طلبا ،مقامی لوگوں اور محکمہ جنگلات کے اہلکاروں نے دیودار کے درجنوں پودے لگائے۔ چیئرمین ہیومن ایڈ سوسائٹی بشیر احمد میر نے گلوبل وارمنگ کے موجودہ دور میں ماحولیاتی توازن اور درخت لگانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے تمام اسٹیک ہولڈروں پر زور دیا کہ وہ ہر گائوں میں زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کے لیے بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ ادھر جنوبی ضلع شوپیان میں جنگلات کے تحفظ کے بارے میں عوامی سطح پر آگاہی وشعور پیدا کرنے کیلئے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس دوران کئی جگہوں پر پودے لگائے گئے۔محکمہ جنگلات کی طرف سے ڈی ایف او شوپیاں شیخ محمد ایوب کے ہمراہ محکمہ کے دیگر افسران نے ضلع کے مختلف مقامات پر پودے لگائے۔ اس دوران ڈی ایف او شوپیاں نے بتایا کہ جنگلات ہمارا قومی اثاثہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس خطہ کو سرسبز وشاداب رکھنے کا بڑا ذریعہ یہی جنگلات ہیںاورجنگلات انسانی وملکی ترقی اور ماحول پر مثبت اثرات مرتب کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ جنگلات لگانے کے ساتھ ساتھ ہمیں اپنی زمینوں کو بھی آباد کرنے کی ضرورت ہے ،زمینوں کو آباد کرنے کیلئے شجر کاری ،شجر پروری انتہائی ضروری ہے لیکن بدقسمتی سے آج دیہی اور شہری علاقوں میں زمینیں بنجر ہوتی جارہی ہیں ،لوگ کھیتی باڑی پر توجہ نہیں دے رہے ہیں۔ جنگلات کے عالمی دن پر اننت ناگ فارسٹ ڈویژن نے ایک شجر کاری مہم چلائی جس میں مختلف قسم کے پودے لگائے گئے ۔ کنزرویٹر فارسٹ ساؤتھ سرکل عرفان علی شاہ نے بتایا کہ جنگلات کا عالمی دن ہر سال ایک خاص تھیم کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگلات بیماریوں سے بھی ڈھال کا کام کرتے ہیں۔رینج آفیسر کوکرناگ پیر ریاض احمد نے بھی ماحول دوست تھیلوں کی تقسیم میںپہل کی جس میں لوگوں اور طلباء میں پودے تقسیم کیے گئے۔ گاؤں کے لوگوں نے رینج افسر کو ان کے اس اقدام پر سراہا۔رینج افسر نے مزید بتایا کہ ہمیں اپنے جنگلات کو بچانا ہے اور ہم مستقبل میں مزید شجرکاری مہم چلائیں گے۔اس مہم میں ڈویژنل فارسٹ افسر اننت ناگ محمد رمضان میر، رینج افسر کوکرناگ، پیر ریاض احمد اور دیگر اہلکار موجود تھے۔اس دوران کرناہ میں محکمہ جنگلات کے تعاون سے ڈریم ویلی ایجوکیشنل انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے ایک شجرکاری مہم کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں بی ڈی سی چیئرمین ریاض احمد خواجہ، رینج افسر کرناہ شمس الرحمان ، سکول کے پرنسپل الطاف احمد، محکمہ جنگلات وفارسٹ پروٹیکشن فورس کے ملازمین اور اساتذہ سمیت سکول کے بچوں نے شرکت کی ۔ اس دوران بچوں نے محکمہ جنگلات کے ساتھ مل کر سکول کے گردنواح میں پودے لگائے ۔سکول کے بچوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈ بھی اٹھا رکھے تھے جن پر ماحول کو صاف ستھراہ رکھنے کے نعرے درج تھے ۔طلاب نے اس دوران لوگوں کو درخت لگانے کی اہمیت سے آگاہ کرنے کیلئے ایک ریلی بھی نکالی اور جنگلات کی کٹائی کے مضر اثرات کے بارے میں خطاب کیا اور اہل علاقہ پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں اور جنگلات کی حفاظت کریں۔
شجرکاری بنیادی ماحولیاتی تحفظ
شوپیاں ،بڈگام ، سوپور اور پلوامہ میں پولیس تقاریب
سرینگر //ماحولیاتی نظام کو مستحکم کرنے کیلئے پولیس نے بڈگام اور شوپیاں میں شجرکاری مہم شروع کی ۔ایس ایس پی بڈگام طاہر سلیم نے ضلع بڈگام میں مختلف پودے لگا کر ضلع پولیس ہیڈ کوارٹر بڈگام میں شجرکاری مہم کا آغاز کیا۔ ان کے ساتھ ڈی وائی ایس پی ہیڈکوارٹر بڈگام ڈی وائی ایس پی، ڈی آر اور دیگر افسران و پولیس جوانوںکے علاوہ ضلع کے کچھ معزز شہریوں نے بھی شجرکاری مہم میں حصہ لیا۔شوپیاں میں ایس ایس پی شوپیاں امرت پال سنگھ(آئی پی ایس )کی ہدایت پر محکمہ جنگلات کے تعاون سے تمام پولیس اداروں میں شجرکاری مہم کا آغاز کیا۔شجر کاری مہم کا بنیادی مقصد عوام الناس میں یہ پیغام پھیلانا ہے کہ شجرکاری مہم کو ماحولیات کے حوالے سے بنیادی فرائض کے طور پر لوگوں میں شامل کیا جانا چاہئے۔ لوگوں کو مستقبل کی پائیداری کے لیے ماحول کے ساتھ متوازن تعلق برقرار رکھنا چاہئے۔ مزید یہ وسیع تر پائیدار ماحولیاتی ترقی کے حصے کے طور پر ہمارے اداروں میں ہریالی کو فروغ دینے کا ایک اقدام ہے۔ ہریالی کو فروغ دینے سے ہمیں اخراج کو پورا کرنے میں مدد ملے گی جو ہمارے ماحولیاتی توازن کو بگاڑتے ہیں۔ سوپور میںایس پی سوپور کی ہدایت پر پولیس اسٹیشن پانزلہ میں شجر کاری کا مہم کا آغاز کیا ۔ اس موقعہ پر ایس ڈی پی او رفعی آباد اور ایس ایچ او پولیس اسٹیشن پانزلہ بھی موجود تھے۔ ایس ایچ او پولیس اسٹیشن پانزلہ نے اس پر روشی ڈالتے ہوئے کہا کہ شجرکاری بنیادی ماحولیاتی تحفظ ہے اور ہمیں پائیدار ترقی کے مفاد میں درخت لگا کر آکسیجن زون بنا نے کی کوششیں کرنی چاہئیں۔ ایک ذمہ دار ہونے کے ناطے، ہمیں فطرت کو بہترین توازن میں رکھنے کے لیے درخت لگانا چاہیے۔اس طرح سے پلوامہ میں ایس ایس پی پلوامہ غلام جیلانی نے ڈی پی ایل پلوامہ میں شجر کاری مہم کا آغاز کیا ۔ اس موقعہ پر ڈی وائی ایس پی ڈی آر اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد وسیع تر پائیدار ماحولیاتی ترقی کے حصے کے طور پر اپنے اداروں میں سبزہ زار کو فروغ دینا ہے۔ اس مہم کے ذریعے پلوامہ پولیس عام لوگوں تک یہ پیغام دینا چاہتی ہے کہ شجر کاری مہم کو لوگوں میں ماحولیات کے تئیں بنیادی فرائض کے طور پر شامل کرنا چاہیے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی پلوامہ نے ہماری زندگی میں پودوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کا مقصد اپنے اردگرد سرسبز جگہیں بنانا ہے تاکہ ماحولیاتی توازن برقرار رہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شرکاء نے ہماری زندگی میں پودوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ایک ذمہ دار ادارے کا حصہ ہونے کے ناطے ہمیں فطرت کو بہترین توازن میں رکھنے کے لیے درخت لگانا چاہیے اور ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو سرسبز و شاداب ماحول کا تحفہ دینا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے ماحولیات کا تحفظ اہمیت کا حامل ہے تاکہ ہمارے ماحولیاتی نظام کو مستحکم کیا جا سکے تاکہ اس کے اندر موجود ماحولیاتی تنوع کو برقرار رکھا جا سکے۔جے کے این ایس