جنیوا//کچھ سائنسدانوں کی جانب سے دنیا میں تیزی سے پھیلنے والے منکی پوکس وائرس کو ‘اسٹگماٹائزنگ قرار دینے کے بعد عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے بھی اس وبا کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔تنظیم کے سربراہ ٹرڈوس ادنوم گھبریئس نے کہاکہ”عالمی ادارہ صحت منکی پوکس وائرس کا نام تبدیل کرنے کے لیے پوری دنیا میں اپنے شراکت داروں اور ماہرین کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے ۔ ہم جلد از جلد نئے نام کا اعلان کریں گے ۔دراصل ڈبلیو ایچ او نے یہ قدم 30 بین الاقوامی سائنسدانوں کے خط کے بعد اٹھایا ہے ۔ خط میں فوری طور پر نام تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے ۔ خط میں لکھا گیاکہ ‘‘مسلسل مکالمے اور اس معاملے پر مسلسل غور و خوض کے بعد یہ ضروری سمجھا جاتا ہے کہ ہم اسے ایک غیر امتیازی اور غیر داغدار نام دیں۔’’اس میں کہا گیا ہے کہ ‘‘وائرس کا نام بار بار افریقہ سے جوڑا جا رہا ہے اور افریقی پس منظر کے مطابق اس کا نام رکھنا بالکل غلط ہے ، یہ امتیازی سلوک اور بدنامی کو ظاہر کرتا ہے ۔