ظہور بٹ،شکیل ٹھوکر اور غلام نبی وسیم گرفتار

سرینگر//پولیس نے لبریشن فرنٹ لیڈر ظہور احمد بٹ کو گرفتار کرلیا ہے۔فرنٹ کے ایک بیان کے مطابق پولیس نے گزشتہ شب ان کے گھر واقع دیوی آنگن حول میں چھاپہ ڈالا اور انہیں گرفتار کرکے نوہٹہ پولیس تھانے میں بندرکھا ۔ لبریشن فرنٹ نے ظہور احمد بٹ کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی اراکین اور قائدین کو آئے روز گرفتار کرنے کا سلسلہ دراز کیا گیا ہے جو انتہائی تشویش کا باعث ہے۔ لبریشن فرنٹ نے کہا کہ قبل ازیں بھی لبریشن فرنٹ کے مرکزی آرگنائزر سراج الدین میر اور صدر ضلع بارہمولہ عبدالرشید مغلو پچھلے5 ماہ سے پی ایس اے کے تحت کورٹ بلوال جیل میں مقید ہیں۔مسلم دینی محاذ نے پارٹی لیڈر شکیل احمد ٹھوکرساکن میمندر شوپیان کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے پولیس نے اُس کی گرفتاری کے دوران اُس کے گھر کی توڑ پھوڑ بھی کی۔ ترجمان کے مطابق 7 اور 8 اگست کی درمیانی رات کوپولیس نے موصوف کے گھر پر چھاپہ مارا اور  گھر کے سازو سامان کوتہس نہس کرنے کے علاوہ افراد خانہ کی مارپیٹ کی۔بیان کے مطابق شکیل احمد کو گرفتار کر کے شوپیان پولیس تھانہ میں بند رکھا گیاہے۔ ترجمان نے اہل خانہ کی بے رحمی سے پٹائی اور گھر کے سازوسامان کی توڑ پھوڑ کو انتہائی جار حانہ اقدام سے تعبیر کیا ہے اور اسے فورسز کی بوکھلاہٹ قرار دیاہے ۔دریں اثناء حریت (جے کے)کے کنوینر شبیر احمد ڈار نے تحریک استقلال کے چیئرمین غلام نبی وسیم کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے اُس کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہا’’ایسا لگتا ہے کہ حکام نے حریت قایدین کے خلاف جنگ کا اعلان کیا ہے اور اس حد تک حریت قایدین کے خلاف پابندیاں عائد کی ہیں کہ انہیں اب سماجی اور دینی کاموں سے بھی روکا جا رہا ہے جو قابل مذمت ہے‘‘۔