طلبہ کی صلاحیتو ں کو نکھارنے کی ذمہ داری اساتذہ پر عائد | کے جی بی وی سکول پتو شئے لولاب میں جانکاری پروگرام

کپوارہ//وادی لولاب کے پتو شئے میں قائم کوستو ریا گاندھی بالیکہ ودھیالیہ سکول میں ایک جانکاری پروگرام کونسلنگ پروگرام منعقد کیا گیا جس میں علاقہ بھر سے لوگو ں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ زونل ایجوکیشن سوگام کے علاوہ دیگر شخصیات بھی اس موقع پر موجودتھیں ۔اس موقع پر کہا گیا کہ نئی نسلو ں کی تربیت اچھے طریقے سے ہونی چاہئے اور طلبہ کی اندرونی صلاحیتو ں کو یکجا کرنے کی بنیادی ذمہ داری اساتذہ پر عائد ہوتی ہے ۔مقررین نے کہا کہ اساتذہ پر یہ بھی ذمہ داری ہے کہ وہ طلبہ کو ایک سنہری مستقبل کا تصور کرنے اور ان کی خواہشات کی تکمیل کے لئے ضروری اہلیت حاصل کرنے کی ترغیب دیں اور اس کے ساتھ ساتھ طلبہ کو کونسلنگ اور رہنمائی کی ضرورت ہوتی ہے جو ان کی دلچسپیو ں ،رجحانات اور ذہانت کو مد نظر رکھ کر دی جاتی ہے ۔مقررین نے کہا کہ رہنمائی یا کونسلنگ کامقصد یہ ہوتا ہے کہ کیرئر کی راہ میںحائل رکاوٹ کو دور کیا جائے ۔جانکاری پروگرام کے دوران سکول میں زیر تعلیم طالبات نے رنگا رنگ پروگرام پیش کئے جبکہ اس موقع پر سکول میں 17نئے بچو ں کا داخلہ کیا گیا جو سرکاری سکولو ںمیں داخلہ مہم کی ایک کڑی ہے ۔سکول وارڈن میمونہ خان نے بتا یا کہ ان کی ہر سال یہ کوشش ہوتی ہے کہ کے جی بی وی سکول پتو شئے لولاب میں نئی بچیو ں کا داخلہ ہو اور سکول میں پچاس طالبات تعلیم حاصل کر سکتی ہیں جبکہ اس سال 20طالبات نے داخلہ فارم جمع کئے تھے جن میں پرائیویٹ سکو لو ں سے بھی کئی طالبات آئی ہیں ۔