ریاسی//پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے طلائی زیورات بر آمد کر کے لٹیروں کو گرفتار کیا ہے۔پولیس نے بتایا کہ ایک شخص سبھاش چندر ولد جگن ناتھ ساکن ماجرہ کنڈ نے پولیس سٹیشن پونی میں تحریری شکایت درج کرائی کہ وہ اور اس کی زوجہ موٹر سائیکل پر ریاسی سے پونے کی جانب جا رہے تھے کہ کیپری کے نزدیک دھنوا کے مقام پر 2نامعلوم افراد نے جو موٹر سائیکل پر سوار تھے اور اپنے چہرے ڈھانپے ہوئے تھے ،نے ان کی زوجہ سے بیگ چھین لیا جس میں 2عدد سونی کے کڑے ،کان کی بالیاںاور 1500روپے نقد تھے ۔پولیس نے اس سلسلہ میں 6جون کو ایک کیس 34/2019 U/S 382/RPCپونی پولیس سٹیشن میں درج کیا ۔تحقیقات کے دوران پولیس نے متعدد مشتبہ افراد سے پوچھ تاچھ کی ۔اس دوران سائبر ٹیم کی مدد سے دو مشتبہ افراد محمد طارق ولد محمد اسلم ساکن بھگتا اور جگدیش چندر ولد ایشر داس ساکن اگر جیتو تحصیل کٹرہ کو حراست میں لیا گیاجو پہلے ہی سے جموں کے مختلف تھانوں میں مختلف جرائم کیس میں مطلوب تھے ۔ تحقیقات کے دوران دونوں نے اپنے جرم کا اقبال کیا اور ان سے سونے کے زیورات جن کی قیمت ایک لاکھ سے زائد تھی، بر آمد کئے ۔