سرینگر// فوج کے سربراہ جنرل بپن راوت کی طرف سے کشمیر کے معاملے پر دئے گئے حالیہ بیان کے رد عمل میں مزاحمتی جماعتوں نے کہاہے کہ بھارت کے فوجی سربراہ کا بیان غیر ذمہ دارانہ ہے جبکہ اسکے ساتھ ہی یہ بیان کشمیری عوام کے خلاف واضح دھمکی ہے ۔فوجی سربراہ کے بیان کے خلاف جن تنظیموں نے رد عمل کا اظہار کیاہے ان میں جے کے ایل ایف آر ،ماس مومنٹ ،مسلم لیگ،مسلم خواتین مرکز،اور اتحاد المسلمین قابل ذکر ہیں ۔جے کے ایل ایف ( آر ) کے سرپرست اعلیٰ بیرسٹر عبدالمجید ترمبو، ایڈوکیٹ ایوب راٹھور اور وجاہت بشیر قریشی نے اپنے مشترکہ بیان میں فوجی سربراہ جنرل بپن راوت کے بیان کو غیر ذمہ دارانہ اور نشہ قوت کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے بیانات سے مسئلہ کشمیر کی تاریخی حثییت تبدیل ہونے کا کوئی امکان نہیں۔مسئلہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر ایک تسلیم شدہ حقیقت ہے اور متکبرانہ سوچ کے مظاہرہ سے ہمالیائی حقیقت کو ٹھکراناممکن نہیں۔اس دوران جموں کشمیر ماس مومنٹ نے افواج ہند کے سپہ سالار جنرل بیپن راوت کے بیان کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ فوجی طاقت کے نشے میں چور مذکورہ اعلیٰ فوجی افسر کا بیان بے وزن اور غیر منطقی ہے۔ترجمان کے مطابق ماس مومنٹ کی سربراہ فریدہ بہن جی نے جنرل کے بیان پر سخت افسوس اکا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لگتا ہے کہ شائد جنرل بپن راوت تاریخ سے نا بلد ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ حوصلوں اور ہمت سے بھر پور چھوٹے قوموں نے بڑے ملکوں کو سرنگوں کرنے پر مجبور کیا ہے،تو بھارت کی بساط ہیں نہیں۔اس دوران مسلم لیگ کے چیرمین مشتاق الاسلام نے جنرل بپت راوت کے بیان کو ان کی بوکھلاہٹ اور اعتراف شکست اور قرار دیتے ہوئے کہا کہ طاقت کے بے انتہاہ استعمال سے نہ کسی قوم نے گردن جھکائی ہے اور نہ ہی گولہ باری ،تشدد ،ماردھاڑ،دھونس دبائو اور دھمکیاں قوموں کے جزبہ آزادی کو توڑنے میں کامیاب رہے ہیں۔ادھر مسلم خواتین مرکز چیئرپرسن یاسمین راجہ نے جنرل بپن راوت کے حالیہ ریمارکس پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے، مسلم خواتین مرکز چیئرپرسن یاسمین راجہ نے ہندوستان کے آرمی چیف جنرل بپن راوت کے ریمارکس پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے ان ریمارکس کو حقیقت سے کوسوں دورقرار دیتے ہوئے کہا آپ شامی حکومت کے طرز پر یہاں کارروائی کرنے کی دھمکی دے رہے ہیں مگر آپ کو اس بات کا اندازہ و ادراک بخوبی ہونا چاہیے کہ مسئلہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ خطہ ہے، انہوں نے رواں جدوجہد کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کا عزم دہراتے ہوئے کہا شہیدوں کے مقدس خون کا تقاضا ہے کہ ہم استقامت و ثابت قدمی سے رواں جدوجہد کو اسکیمنطقی انجام تک پہنچائے۔دریں اثناء جموں و کشمیر اتحاد المسلمین نے بھارت کے فوجی سربراہ جنرل بپن راوت کے دھمکی آمیز اور اشتعال انگیز بیان پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے کرتے ہوئے اسے بچگانہ،احمقانہ، بزدلانہ اور مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیری قوم طاقت کے بل بوتے پر جاری ہونے والے اشتعال انگیز بیانات اور دھمکیوں سے ڈرنے والی قوم نہیں ہے اور نہ ہی اس طرح کے دھمکی آمیز بیانات کو کوئی اہمیت دے رہے ہیں۔تنظیم کے سربراہ و بزرگ حریت رہنما مولانا محمد عباس انصاری نے تحریک آزادی کے حوالے سے بپن راوت کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کی اشتعال انگیزی کشمیری قوم کیلئے کوئی معنی نہیں رکھتی نہ ہی اس طرح کے دھمکی آمیز بیانات سے کشمیری قوم کو ڈرایا دھمکایا جاسکتا ہے