جموں//جموں وکشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے جج جسٹس علی محمد ماگرے جو ضلع سری نگر کے ایڈمنسٹریٹیو جج بھی ہیں، نے ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس مومن آباد سری نگر سے ہائی کورٹ کمپلیکس سری نگر کے قریب جہانگیر چوک تک ایک الیکٹرک بس کو ہر ی جھنڈی دِکھائی ۔بار ایسو سی ایشن سری نگر کا دیرینہ مطالبہ تھا کہ وہ دسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس مومن آباد سری نگر سے جہانگیر چوک اور ہائی کورٹ کمپلیکس سری نگر تک بس سروس فراہم کرے۔جسٹس علی محمد ماگر ے نے ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس مومن آباد سری نگر میں حالیہ ایک منعقدہ اَفسران کی میٹنگ میں ٹرانسپورٹ کمشنر کو ہدایت دی تھی کہ وہ ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس مومن آباد سری نگر سے ہائی کورٹ کمپلیکس سری نگر تک بس سروس فراہم کرنے کے لئے فوری اِقدامات کریں۔بار ایسو سی ایشن سری نگر کا یہ دیرینہ مطالبہ آج ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس مومن آباد سری نگر سے جہانگیر چوک ،ہائی کورٹ کمپلیکس سری نگر تک الیکٹرک بس کو جھنڈ ی دِکھا کر پورا کیا گیا ہے۔الیکٹرانک بس جموںوکشمیر روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن نے فراہم کی ہے۔جسٹس علی محمد ماگر ے نے ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس مومن آباد سری نگر میں اِی۔ فائلنگ ہیلپ دیسک کا بھی اِفتتاح کیا ۔ضلع سری نگر سمیت مختلف ضلعی صدر مقامات میں اِی۔ فائلنگ ہیلپ ڈیسک قائم کرنے کی منظور ی پہلے ہائی کورٹ نے دی تھی۔ اِس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے جسٹس علی محمد ماگرے نے کہا کہ ٹیکنالوجی نے زندگی کے تمام شعبوں میں سڑکیں بنائی ہیں اور اِنصاف کی فراہمی کا نظام خود کو اس کے ثمرات سے محروم نہیں رکھ سکتا ۔اُنہوں نے کہا کہ اِی۔ فائلنگ ہیلپ ڈیسک وکلاء اور قانونی چارہ جوئی کے لئے اِنتہائی فائدہ مند ثابت ہوگا۔اِس موقعہ پرپرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سری نگر جواد احمد، جموںوکشمیر لیگل سروسز اَتھارتی کے ممبر سیکرٹری ایم کے شرما، ضلع سری نگر کے عدالتی اَفسران ، بار ایسو سی ایشن کے چیئرمین این کے رونگا، ایگزیکٹیو ممبران اور بار کے ممبران اور جے کے آر ٹی سی کے اَفسران کی بڑی تعداد موجود تھی۔بعد میں جسٹس علی محمد ماگرے نے اِی ۔ فائلنگ ہیلپ ڈیسک کا اِفتتاح کیا او رڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس مومن آباد سری نگر میں مختلف عدالتوں کا معائینہ کیا جس میں پرنسپل کورٹ بھی شامل ہے۔اُنہوں نے ججوں پر زور دیا کہ وہ پرانے مقدمات کو نمٹانے پر توجہ دیں اور ضرورت مندوں کو بروقت اِنصاف کی فراہمی کو یقینی بنائیں ۔ اُنہوں نے عدالتی عملے کو وقت کی پابندی اور لگن کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔