ضلع پونچھ کا سب سے بڑا جلوس برآمد

 سرنکوٹ //9محرم الحرام کوسرنکوٹ میں ضلع پونچھ کا سب سے بڑا جلوس عزابرآمد ہوا جس میں ہزاروں کی تعداد میں عزاداروں نے شرکت کی۔یہ سالانہ جلوس عزا صبح بس اڈہ سے شرو ع ہوااور شام کوامام بارگاہ سرنکوٹ میں اختتام پذیر ہوا۔اس دوران ضلع کی مختلف انجمنوں کے ماتمی دستوں نے سینہ کوبی و نوحہ خوانی کرکے سیدالشہداؑ کی قربانی کی یاد منائی ۔جلوس میں شامل عزاداروں کی طرف سے دیئے گئے لبیک یا حسین ؑ کے نعروں سے سرنکوٹ کی فضا گونج اٹھی ۔اس دوران جگہ جگہ سٹیج لگائے گئے جہاں خطاب کرتے ہوئے علماء اکرام نے واقعہ کربلا پر روشنی ڈالی ۔انہوں نے کہاکہ سیدالشہداء کی مظلومیت پر رونا غم کا اظہار ہے اور قرآن مجید نے نبی اللہ جناب یعقوب ؑ کے جناب یوسف ؑ کی جدائی میں رونے کا بڑے ہی مثبت انداز میں پیش کیاہے ۔امام حسین ؑکی مظلومیت پر صرف ہم نہی نہیں بلکہ خود نبی اکرم ؐ نے بھی گریہ کیاہے ۔انہوں نے کہاکہ عزاداری ہر دور کے یزید اور ظلم کے خلاف صدائے احتجاج ہے ۔ان کاکہناتھاکہ عزاداری کرنے کا ایک فلسفہ یہ ہے کہ کربلا کے میدان میں امام حسین ؑ نے یہ صدادی تھی کہ کوئی ہے جو میری مدد کرسکے ،یہ آج کے حسین ؑکی آواز بھی ہے ،عزاداری میں ہم یہی کہتے ہیں کہ ہم آپ کی نصرت کیلئے حاضر ہیں اور ہر طرح کی قربانی دینے کو تیار ہیں ۔ان کاکہناتھاکہ امام حسین ؑ نے کہاکہ ذلت کی زندگی سے عزت کی موت بہتر ہے اورآپ ؑ نے سر جھکایا نہیں بلکہ اسے کٹادیا۔علماء نے کہاکہ خاندان اہل بیت ؑ نے اسلام کی آبیاری کی خاطر ایسی لامثال قربانیاں دیں کہ جس کی دنیا میں کہیں کوئی مثال نہیں ملتی اور امام حسین ؑ نے اس دین کو حیات ابدی عطا کی جس کیلئے ہر ایک نبی ؑ نے قربانیاں دیںاورجس کے فروغ کیلئے خدا نے 1لاکھ 24ہزار انبیاء بھیجے ۔ان کاکہناتھاکہ اس دین کے وارث کو حسین ابن علی ؑ کہتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ حسینیت صرف ماتم و گریہ کرنانہیں بلکہ اس کا مقصد اس دور کے یزید کو پہچانتے ہوئے جو امام حسین ؑ کا پیغام بھی ہے ۔انہوں نے کہاکہ آج کے یزید یعنی امریکہ سے مقابلے کیلئے تیار ہوجائو جس سے صرف شیعہ کو ہی نہیں بلکہ پوری امت کو خطرہ لاحق ہے ۔انہوں نے کہ اس دور کے یزید نے مسلمانوں کے قبلہ ٔ اول اور حرمین شریفین کو اپنی تحویل میں لے رکھاہے اور مسلمانوں کے خلاف سازشوں پر سازشیں رچی جارہی ہیں جس کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہوجاناچاہئے ۔اس دوران علماء و مقررین نے اتحاد بین المسلمین پرزور دیتے ہوئے کہاکہ مسلمانوں کی موجودہ دور میں تباہی کی وجہ تعلیمات اہل بیت سے دوری اختیار لیناہے ۔انہوں نے کہاکہ اتحاد و اتفاق سے ہر جنگ جیتی جاسکتی ہے ۔جلوس سے خطاب کرنے والوں میں مولانا اصغر مولائی ، مولانا قمر عباس ، مولانا جعفرحسین جعفری ،مولانا سید ذاکر حسین جعفری، مولانا صفدر حسین شاہ ،مولانا ظہیر عباس جعفری ، مولانا غضنفر عباس ، مولانا سید کرار علی جعفری ،مولانا سید اختر حسین جعفری، مولانا سید جعفرنقوی،مولانا جنان اصغر مولائی،سید رفعت عباس نقوی، مولوی سلیمان جعفری، سید روح اللہ مہدی، قمر عباس کاظمی و دیگران قابل ذکر ہیں۔ اس دوران انتظامیہ کی طرف سے ہر طرح کے انتظامات کئے گئے تھے اور پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات تھی۔جلوس کے دوران سرنکوٹ بازار سے ٹریفک کا سلسلہ بند رہا۔ آخر پر جلوس کا اہتمام کرنے والے انجمن جعفریہ سرنکوٹ مینڈھر نے سبھی تنظیموں، پولیس ،انتظامیہ ،دیگر مکاتب فکر کے لوگوں اور ہر اس شخص کا شکریہ ادا کیا جس نے جلوس کے انعقاد میں تعاون دیا۔