بانہال // ضلع رام بن میں کرونا وائرس سے احتیاط برتنے کیلئے مقامی ٹریفک کی نقل و حرکت پر پابندی سے عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑااور درجنوں مریضوں اور ملازمین ضلع بھر میں ٹرانسپورٹ پر بندش کی وجہ سے اپنی اپنی منزلوں تک نہیں پہنچ پائے۔ ضلع رام بن میں ڈپٹی کمشنر نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ کے تحت یہ حکم جاری کیا تھا۔ راج گڑھ، گول سنگلدان، کھڑی مہومنگت ،پوگل پرستان سینابتی، نیل کے لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پبلک ٹرانسپورٹ پر بندش کی وجہ سے مسافروں کو سخت پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ ا۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ ریلوے سٹیشن بانہال سینکڑوں غیر ریاستی باشندے پہنچ رہے ہیں اور ریل سروس اور شاہراہ پر جموں اور سرینگر ٹریفک رواں دواںہے اور اس صورتحال میں مقامی ٹرانسپورٹ کی نقل و حرکت پرپابندی فقط عوام کی پریشانیوں میں اضافہ ہے۔