عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//انتخابی حکام نے جموں و کشمیر میں انتخابات سے متعلق خلاف ورزیوں کے سلسلے میں 11 ایف آئی آر درج کی ہیں۔چیف الیکٹورل آفیسر جموں و کشمیر، پانڈورنگ کے پول نے کہا کہ انہیں 16 مارچ سے ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ (ایم سی سی) کی خلاف ورزی کی 234 شکایات موصول ہوئی ہیں۔ سی ای او پولے نے کہا”ہم نے ان شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے 11 ایف آئی آر درج کی ہیں،ہم نے 80 شکایات میں نوٹس بھی جاری کیے ہیں اور 29 شکایات میں انکوائری شروع کی گئی ہے “۔انہوں نے کہا کہ سرینگر ضلع میں سب سے زیادہ خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا، “ضلع سرینگر میںضابطہ اخلاق کی 46 شکایات موصول ہوئی ہیں اور اس کے بعد جموں کی 34 شکایات ہیں۔”انتخابی حکام نے بتایا کہ کل شکایات میں سے 15 کو ضلع شکایات سیل کو بھیج دیا گیا ہے۔
سرینگر میں انتخابی عہدیداروں نے بتایا کہ 36 خلاف ورزیاں سرکاری میل کے ذریعے موصول ہوئی ہیں جن میں سے 21 سرکاری ملازمین یا دیگرکے خلاف تھیں اور 15 امیدواروں یا پارٹیوں کے خلاف تھیں۔انہوں نے کہا”سرکاری ملازمین کے معاملے میں انکوائری جاری ہے اور سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر چار سرکاری ملازمین کو معطل کر دیا گیا ہے،” انہوں نے کہا، “ایم سی سی کی خلاف ورزیوں پر پارٹیوں، امیدواروں، کارکنوں کو نوٹس بھیجے گئے ہیں۔”انتخابی حکام نے کہا کہ ریاستی اور مرکزی ایجنسیوں نے انتخابی مدت کے دوران 10 مقامات پر 40 کروڑ روپے سے زیادہ کی نقدی، شراب، منشیات اور مفت ضبط کیے ہیں۔ جموں و کشمیر میں لوک سبھا کے پانچ حلقوں میں سے تین سیٹوں جموں، ادھم پور اور سری نگر میں انتخابات ہوئے ہیں۔