صوبائی کمشنر نے سرینگر میں ٹریفک کی صورتحال کاجائزہ لیا

سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے پارمپورہ بس سٹینڈ میں سہولیا ت کو مزید بہتر بنانے بشمول پسنجر شلٹر شیڈوں،واش روم بلاکوں اور بس سٹینڈ میں چھاپڑی فروشوں کے لئے ایک الگ جگہ مخصوص رکھنے کی ہدایت دی ۔صوبائی کمشنر نے ان باتوںکااظہار آفیسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کے دوران کیا۔جس میں سرینگر میں ٹریفک کی موجودہ مجموعی صورتحال کاجائزہ لیا گیا۔میٹنگ میںآئی جی پی ٹریفک بسنت رتھ ، ترقیاتی کمشنر کشمیر سرینگر،آرٹی او کشمیر ،ایس ایم سی کمشنر اورٹریفک ایڈوائزر کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی موجود تھے جبکہ مسافر انجمنوں کے نمائندوں نے بھی میٹنگ میں شرکت کی۔اس موقعہ پر ٹرانسپورٹروں نے بتایا کہ اگرچہ روزانہ 1.5لاکھ مسافر اورہزاروں کی تعداد میں ٹرانسپورٹر پارمپورہ بس اسٹینڈ کا استعمال کرتے ہیں تاہم یہاں لازمی سہولیات کا فقدان ہے۔صوبائی کمشنرنے متعلقہ آفیسران کو بس سٹینڈ میں لازمی سہولیات کی فراہمی اورصفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔بصیر احمد خان نے ترقیاتی کمشنر سرینگر اورآرٹی او کشمیر کو سیلاب سے متاثرہ گاڑیوں کی جانچ کرنے کی ہدایت دی تاکہ جائز معاملات کے تحت معاوضہ فراہم کیا جاسکے۔آئی جی پی ٹریفک نے کہاکہ انتظامیہ عام لوگوں اور ٹرانسپورٹروں کی فلاح وبہبود کے لئے کام کرتی ہے اورلوگوں پر لازم ہے کہ وہ ٹریفک قوانین اورنظم وضبط کا احترام کریں ۔میٹنگ سے خطاب کے دوران صوبائی کمشنر نے کہا کہ بس سٹاپوں کو نئے سرے سے ڈیزائین کیاجائے گااورناجائز تعمیرات وتجاوزات کو ہٹانے کیلئے ایک وسیع مہم شروع کی جائے گی۔