سرینگر// حزب سربراہ سید صلاح الدین کو بندوق ترک کر کے گھر واپسی کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے بھاجپا کے نئے ریاستی صدر رویندر رینہ نے کہا کہ جہاد کونسل سربراہ مین اسٹریم میں شامل ہوکر انتخابات لڑیں۔ نو تعینات صدر نے اپنا قلمدان سنبھالنے کے بعد پہلا بیان جاری کیا، جس میں انہوں نے وادی سے تعلق رکھنے والے نوجوان عسکریت پسندوں سے بندوق چھوڑ کر مین اسٹریم میں شامل ہونے کیلئے کہا ہے۔ انہوں نے کہا’’میں سید صلاح الدین سے کہتا ہوں،تم پاکستان اور دیگر ملکوں میں ایک جگہ سے دوسری جگہ کیوں گھوم رہے ہیں،واپس اپنے گھر آئو اور مین اسٹریم میں شامل ہوجائو‘‘۔انہوں نے مزید کہا’’اگر آپ(صلاح الدین) دعویٰ کرتے ہو کہ میں جموں کشمیر کا لیڈر ہوں،واپس آجائو اور ریاستی انتخابات میں جمہوری طریقے سے شرکت کرواور ایساثابت کرو‘‘۔انہوں نے متحدہ جہاد کونسل چیئرمین کو وادی میں نوجوانوں کے ہاتھوں میں بندوق تھمانے ،جس کی وجہ سے خون خرابہ اور تشددہوتا ہے،پر نشانہ بنایا۔ بی جے پی ریاستی صدر نے کہا کہ مرکزی حکومت نے گزشتہ روز جو اعلان کیا کہ فورسز ریاست میں ماہ رمضان کے دوران کوئی بھی کارروائی عمل میں نہیں لائیں گے،وہ یک طرفہ نہیں بلکہ مشروط ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری طرف سے پہلی گولی نہیں مار ی جائے گی،اور اگر پہلی گولی جنگجوئوں کی طرف سے چلائی گئی تو فوج،فورسز اور پولیس کی بندوقیں خاموش نہیں رہیں گی۔