پرویز احمد
سرینگر //جموں و کشمیر کے 19اضلاع میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے جبکہ ایک ضلع میں 5افراد کو مثبت قرار دیا گیا ہے۔ جموں و کشمیر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 4لاکھ 53ہزار 859ہوگئی ہے۔ اس دوران جموں و کشمیر میں مسلسل 26ویں دن بھی کورونا وائرس سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 4750بنی ہوئی ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے فراہم کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق جموں و کشمیر میں کورونا وائرس سے 5افراد متاثر ہوئے ہیں جن کا تعلق کشمیر صوبے سے ہے جبکہ جموں صوبے میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے۔ جموں صوبے کے10اضلاع جن میں ضلع جموں، ادھمپور، راجوری، پونچھ ، ڈوڈہ ، کٹھوعہ، کشتواڑ، رام بن ، ریاسی اور سانبہ میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے۔ متاثرین کی مجموعی تعداد1لاکھ 66ہزار 273ہوگئی ہے۔ اس دوران جموں صوبے میں مسلسل 26ویں دن بھی کورونا وائرس سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 2327بنی ہوئی ہے۔ کشمیر صوبے کے بارہمولہ، بڈگام، پلوامہ، اننت ناگ ، کپوارہ، کولگام، بانڈی پورہ، اننت ناگ ، گاندربل اور شوپیان میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے جبکہ ضلع سرینگر میں5افراد کو مثبت قرار دیا گیا ہے۔ کشمیر میں مثبت قرار دئے گئے سبھی 5افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ کشمیر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2لاکھ 87ہزار 586ہوگئی ہے۔ اس دوران وادی میں مسلسل 36ویں دن بھی کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 2423بنی ہوئی ہے۔
NIT
میں 24طلبہ کی رپورٹیں مثبت
پرویز احمد
سرینگر //این آئی ٹی سرینگر میں سنیچر کو کورونا وائرس ٹیسٹنگ کے دوران 24طلباء کی رپورٹیں مثبت آئیں۔بلاک میڈیکل آفیسر حضرت بل کی جانب سے ایچ او ڈی پرونٹیو میڈیسن کو لکھے گئے ایک خط میں کہا گیا ہے کہ سنیچر کو این آئی ٹی سرینگر میں47طالب علموں کے ریپڈ ٹیسٹ کئے گئے جن میں 24 کے مثبت قرار دئے گئے ۔ ڈاکٹر محمد سلیم خان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بلاک حضرت میں ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے این آئی ٹی سرینگر کا دورہ کیا اور وہاں 47طالب علموں کے رپیڈ ٹیسٹ کئے گئے جن میں 24طالب علموں کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ 15فروری کے بعد کورونا وائرس کی تیسری لہر میں کمی کے بعد سنیچر کو پہلی مرتبہ کسی تعلیمی ادارے میںطالب علم متاثر ہوئے ہیں۔ اس سے قبل دسمبر مہینے میں سلامیہ کالج سرینگر میں 11طالب علموں اور 2پروفیسروں کی رپورٹیں مثبت آئی تھیں۔