سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کشمیر پاور ڈسٹربیوشن کارپوریشن لمٹیڈ( کے پی ڈی سی ایل ) کے کلائوڈ پر مبنی ویب پر دستیاب کسٹمر کیئرر سینٹربمنہ کا افتتا ح کر کے اسے عوام کے نام وقف کیا۔اس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ نئی سہولیات کے قیام کا مقصد بجلی صارفین کے شکایات کا بروقت ازالہ کرنے اورمعلومات حاصل کرنے کیلئے عمل میں لایا گیا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ کسٹمر کیئر سینٹر چالو ہونے سے بجلی کی ترسیل سے متعلق شکایتی ازالہ میکانز م نظام کو ادار ہ جاتی شکل دی گئی ہے ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ سینٹرکم سے کم وقت کے اندر بجلی کی بحالی یقینی بنائے گا۔مرکز میں عمل درآمد رِپورٹ درج کر کے جواب دہی اور شفافیت یقینی بنائے گا،مرکز کو جدید ترین سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے اور چوبیس گھنٹے صارفین کی شکایات مختلف ذرائع یعنی ٹیلی فون ، ای میل اور سوشل میڈیا کے ذریعہ موصول ہوں گے ۔ اس سے عوام مستفید ہوں گے جو وائس کالنگ اور مسیجنگ سہولیات، جو کہ پانچ فون نمبرات پر بہم رکھے گئے ہیں ،پر اپنی شکایات درج کرسکتے ہیں ۔مرکز میں ایک ساتھ پچاس لائینوں پر سارا سال دن کے چوبیس گھنٹے عوام کی شکایات موصول کرنے اور ان کی معلومات کے لئے دستیاب رہے گا۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو بجلی سہولیت فراہم کرنے کیلئے بجلی شعبے کی توسیع کیلئے متعدد اقدمات اٹھائے گئے ہیں۔ اس سے قبل پرنسپل سیکرٹری بجلی اور اطلاعات روہت کنسل نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کے پی ڈی سی ایل کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کا عوام دوست وقت کی اہم ضرورت تھی ۔منیجنگ ڈائریکٹر نے بتایا کہ پروجیکٹ 29.80لاکھ روپے کی لاگت سے ایک ماہ کی مدت کے اندر مکمل کیا گیا۔ ای کسٹمر کیئر سینٹر میں ای ٹکٹ بنائی جائے گی جس کے ساتھ ہی شکایت درج کرتے وقت صارف کو ایس ایم ایس کے ذریعے رسید بھیجی جائے گی اور شکایت کے ازالے کے بعد بھی ایس ایم ایس بھیجا جائے گا۔