شیرکشمیرزرعی یونیورسٹی میں 2روزہ بین الاقوامی کانفرنس کاافتتاح | مستقبل تحقیق اور ترقی کے ساتھ سائنس اور ٹیکنالوجی میں مضمر:بھٹناگر

نیوز ڈیسک
سرینگر//لفٹینٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بٹھناگر نے کہا کہ ماہرین تعلیم ، محققین ، پریکٹیشنرز ، صنعت اور حکومت کے درمیان باہمی ربط کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے تا کہ معاشرے کے بڑے پیمانے پر فائدے کیلئے تحقیق کو مصنوعات میں ڈھالا جا سکے ۔ مشیر نے یہ باتیں یہاں شیر کشمیر یونیورسٹی آف ایگریکلچرل سائینسز اینڈ ٹیکنالوجی آف کشمیر میں بائیو میڈیکل سائینسز اور ری جنریٹیو میڈیسن میں حالیہ پیش رفت ( آر اے بی ایس آر ایم 2022 ) کے موضوع پر دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں ۔ اس کانفرنس کا انعقاد سکاسٹ کے نے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی ، کانپور اور کشمیر یونیورسٹی کے اشتراک سے کیا ہے ۔ یہ کانفرنس تعلیمی اور تحقیقی تعاون ( ایس پی اے آر سی ) پروگرام کے فروغ کی اسکیم کے ایک حصے کے طور پر منعقد کی گئی ۔ وزارت تعلیم ، حکومت ہند جس کا مقصد ہندوستان کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے تحقیقی ماحولیاتی نظام کو محکمہ سائنس کے تعاون سے بہتر بنانا ہے ۔ حکومت ہند اور ورلڈ بینک آئی سی اے آر نے سکاسٹ کے ادارہ جاتی ترقی کیلئے قومی زرعی اعلیٰ تعلیم کے منصوبے کو مالی اعانت فراہم کی ۔ محققین ، پوسٹ ڈاکٹریٹ فیلوز اور دیگر نامور اسکالرز کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مشیر بٹھناگر نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ مستقبل تحقیق اور ترقی کے ساتھ ساتھ سائنس اور ٹیکنالوجی میں مضمر ہے اور اس لئے ہم پر لازم ہے کہ ہم تحقیق کے مختلف پہلوؤں کو مزید تقویت دیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اداروں کے درمیان شراکت داری وقت کی اہم ضرورت ہے تا کہ تحقیق کو وسیع جہت ملے اور اس کے نتیجے میں معاشرے کی ترقی میں اس کا ترجمہ کیا جا سکے ۔ مشیر نے مزید کہا کہ یہ کانفرنس صحت اور بیماریوں میں بائیو میڈیکل ریسرچ میں ہونے والی حالیہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کرنے اور دنیا بھر میں طبی ٹیکنالوجیز کی ترقی اور اپ گریڈیشن کیلئے دواؤں کی دریافت اور علاج و معالجے میں مستقبل کی سمتوں کو فروغ دینے کا موقع فراہم کرے گی ۔ مشیر نے مزید کہا کہ آنے والے برسوں میں جموں و کشمیر ملک بھر میں اعلیٰ تعلیم کیلئے بہترین مقامات میں سے ایک کے طور پر ابھرے گا ۔ زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر  پروفیسر نذیر احمد گنائی نے اپنے خطاب میں موجودہ سائینسی دور میں کانفرنس کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور امید ظاہر کی کہ اس سے بنی نوع انسان کی زندگی میں بہتری اور کام کرنے سے متعلق شعبوں میں مشترکہ مسائل پر بات چیت اور غور و خوض کرنے کا موقع ملے گا ۔ آئی آئی ٹی کانپور کے پروفیسر اشوک کمار جو کانفرنس کے کنوینئر بھی ہیں ، نے اپنے خطاب میں کانفرنس کے اہم نقشوں پر روشنی ڈالی ۔ ڈین اکیڈمک افئیرز ، کشمیر یونیورسٹی پروفیسر فاروق احمد مسعودی اور ڈائریکٹر انڈین انسٹی ٹیوٹ آف انٹیگریٹیو میڈیسن ڈی کے ریڈی نے بھی اس موقع پر خطاب کیا ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سکمز ڈاکٹر پرویز احمد کول ، یونیورسٹی اور سکاسٹ کے  کے سینئر ماہرین تعلیم کے علاوہ دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں ۔