سرینگر//حریت (ع)،فریڈم پارٹی، سالویشن مومنٹ اور ینگ مینز لیگ نے تحریک مزاحمت کے صف اول کے رہنما اور پیپلز لیگ چیئرمین شیخ عبدالعزیزکو دسویں برسی پر خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ موصوف نے اپنی پوری زندگی ایک بلندنصب العین کیلئے وقف کی تھی۔حریت (ع)نے تحریک مزاحمت کے صف اول کے رہنما شیخ عبدالعزیز کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے اپنی پوری زندگی ایک مقدس اور عظیم نصب العین کے حصول کیلئے وقف کی تھی اور بالآخراسی راہ میں جدوجہد کرتے ہوئے جان بھی گنوادی ۔بیان میں کہا گیا کہ موصوف کی تحریک آزادی کے تئیں غیر معمولی کردار ،خدمات اور قربانیوں ناقابل فراموش ہیں۔بیان کے مطابق موصوف نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے فورم تلے رواں جدوجہد کو آگے بڑھانے میں جو رول ادا کیا اُسے ہرگز فراموش نہیں کیا جاسکتا۔بیان میں کہا گیا کہمرحوم کے تشنہ تکمیل مشن کو آگے لیجانا قیادت اور عوام کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور اسے ہر قیمت پر آگے بڑھانے کی کوشش کی جائے گی۔ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ موصوف رواں جد و جہد آزادی کا ایک قیمتی اثاثہ ہیں ۔بیان کے مطابق موصوف فریڈم پارٹی کے محبوس سربراہ شبیر شاہ کے دیرینہ ساتھی اور مخلص دوست رہے ہیں۔ پارٹی ترجمان کے مطابق دونوں لیڈران نے 2008ایجی ٹیشن کے دوران ’اُوڑی چلو‘ مارچ کی قیادت کی جس کو روکنے کیلئے فورسز نے شیخ عبد العزیز کو چہل کے مقام پر 11اگست 2008کوراست گولیوں کا نشانہ بنایا۔ترجمان نے موصوف کے مشن کو کسی بھی قیمت پر آگے لے جانے کا عزم دہراتے ہوئے کہا کہ قوم ایسے بہادروں کی مرہون منت ہے جو ایک مقدس کاز کیلئے زندہ رہے اور اُسی کیلئے اپنی زندگیوں کو نچھاور کردیا۔ سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے شیخ عبدالعزیز ، علی محمد ڈار المعروف برہان الدین اور سہیل فیصل ساکنہ آرونی کو انکی برسیوں پر خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ظفر اکبر نے کہا کہ تحریک کشمیر کی یہ دو اہم شخصیات شجاعت و صداقت کے پیکراور استقامت و ثابت قدمی کا مجسمہ تھے۔ ینگ مینز لیگ نے بھی خراج عقیدت ادا کیا ہے۔
شیخ عبد العزیز کی قربانی ناقابل فراموش
