سرینگر//مزاحمتی جماعتوں نے شہیدِ عزیمت شیخ عبدالعزیز کو10 ویں برسی پر خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی قربانی نے حقِ خودارادیت کی تحریک کو ایک نئی جلا بخشی اور ان کے جان کا نذرانہ مظلوم کشمیری قوم کیلئے مشعل راہ ہے۔ حریت (گ) چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ ’’ آج جب شہیدِ عزیمت کو یاد کیا جارہا ہے، ہم تجدید عہد کرتے ہیں کہ ان کے اور جملہ شہداء کشمیر کے مشن کی تکمیل تک کشمیری اپنی جدوجہد ہر حال میں جاری رکھیں گے‘‘۔ بیان میں گیلانی نے کہاکہ شیخ عبدالعزیز کی قربانی نے تحریکِ آزادیٔ کشمیر کو ایک نئی قوت دی جس کی منزل بھارت کے قبضے سے آزادی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ عبدالعزیز اور دوسرے لاکھوں شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم حصولِ مقصد تک جدوجہد کو جاری رکھیں اور کوئی بھی ایسا عمل نہ کریں جو نصب العین کی عظمت کے منافی ہو اور جس سے ہماری منزل دور ہوتی ہو۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ لوگ بھارت نواز سیاست دانوں کا سیاسی طور پر ترک تعلق کرکے ان کی مکروہ چالوں کو ناکام بنانے میں یک جُٹ ہوجائیں۔پیپلز لیگ کے ایک دھڑے کے اہتمام سے پارٹی کے صدر مقام پر دعائیہ مجلسِ منعقد ہوئی جس میں شیخ عبدالعزیز کے یصال ثواب کیلئے دعائیں کی گئیں۔ مجلس میں پارٹی چیئرمین بشیر احمد طوطا کے علاوہ محمد مقبول صوفی، منظور ملک، حاجی فاروق، محمد صدیق گنائی ،نثار احمد آہنگر نظیر منظور اور متعد کارکنوں نے شرکت کی۔ بشیر احمد طوطا نے کہاکہ شیخ عبدالعزیز کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے تحریک کے دونوں محاذوں عسکریت اور سیاست میں اپنی قائدانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا ۔تحریک کشمیر کے صدر محمد موسی نے کہا ہے کہ شیخ عبد العزیز تحریک کشمیر کے مایہ ناز سپوت تھے اور اعلیٰ اخلاق و کردار کے مالک تھے،وہ نہ صرف راہ حق کے جانباز مخلص سپاہی تھے بلکہ وہ جوہر انسانیت کے پیکر اعلیٰ قائد بھی تھے۔ محمد موسی نے کہاکہ جذبہء آزادی شیخ عبدالعزیز کی نس نس میں سمایا تھا اور اتحاد و اتفاق انکے لئے بہت زیادہ اہمیت رکھتا تھا اور ایسی شخصیات قوم کا سرمایہ ہوتی ہیں۔مسلم کانفرنس کے ایک دھڑے کے چیئرمین شبیر احمد ڈار نے کہا کہ شیخ عبدالعزیز جیسے تحریک پسند اور بہادر انسان قوموں کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں اور انکی کمی کبھی بھی پوری نہیں کی جاسکتی ہے ۔ انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا حسن نے کہا کہ شیخ عبدالعزیر حق و صداقت کے پیکر ، استقامت اور ثابت قدمی کا مجسمہ تھے جن کی قربانی کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں جاری جدوجہد آزادی کو دبانے کیلئے ہر طرح کے حربے آزمائے جاچکے ہیں جن کو کشمیری عوام کسی بھی صورت میں کامیاب نہیں ہونے دے گی۔
شیخ عبدالعزیز کی قربانی قوم کیلئے مشعل راہ
